اسلام آباد ہائیکورٹ میں نواز شریف کی سزا معطلی کیلئے ضمنی درخواست دائر

اسلام آباد ہائیکورٹ میں نواز شریف کی سزا معطلی کیلئے ضمنی درخواست دائر
کیپشن: عدالت نے سزا معطلی کی درخواست مرکزی اپیل کے ساتھ سننے کی ہدایت کی ہے۔۔۔۔۔فائل فوٹو

اسلام آباد: نواز شریف نے العزیزیہ ریفرنس میں 7 سال قید کی سزا کے خلاف ایک بار پھر اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کر لیا۔سابق وزیراعظم کی جانب سے ہائیکورٹ میں ضمنی درخواست میں العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس میں سزا کے خلاف اپیل جلد سماعت کے لیے مقرر کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر کی گئی ضمنی درخواست میں کہا گیا ہے کہ 2 رکنی بینچ درخواست پر سماعت کر چکا ہے جبکہ عدالت نے سزا معطلی کی درخواست مرکزی اپیل کے ساتھ سننے کی ہدایت کی ہے۔

خیال رہے کہ احتساب عدالت نے 24 دسمبر کو العزیزیہ ریفرنس کا فیصلہ سناتے ہوئے نواز شریف کو سات سال قید و جرمانے کی سزا سنائی تھی اور انہیں فلیگ شپ ریفرنس میں بری کیا تھا۔