ذہنی تناﺅ بارے بتانے پر شرمندہ نہیں ہوں‘ ماورا حسین

ذہنی تناﺅ بارے بتانے پر شرمندہ نہیں ہوں‘ ماورا حسین

لاہور : معروف اداکارہ ماورا حسین نے ذہنی تناﺅ کا شکار ہونے کا اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کیفیت سے متعلق بتانے پر شرمندہ نہیں ہوں۔

ماورا حسین نے انسٹاگرام پر اپنی دماغی صحت کی جدوجہد کے حوالے سے ایک طویل پوسٹ شیئر کی جس میں انہوں نے بتایا کہ یہ ایک سال قبل ذہنی اضطراب کی کیفیت کا شکار ہوئی تھیں۔

اداکارہ نے فوٹو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اپنے ڈرامے کی مختصر سی ویڈیو شیئر کی جس کے کیپشن میں انہوں نے یہ بھی بتایا کہ یہ ڈرامہ ان کے دل سے بے حد قریب ہے۔

ماورا حسین نے اپنے کیپشن میں بتایا کہ ہم سب کی زندگی میں مشکل وقت آتا ہے، میں بے حد خوش قسمت ہوں کہ میرا کام مجھے میرے غم کو اظہار کرنے کی اجازت دیتا ہے۔

اداکارہ نے بتایا کہ مجھے ذہنی اضطراب کی کیفیت میں مبتلا ہوئے ایک سال ہوگیا ہے، میں اب اس بات پر شرمندہ نہیں ہوتی کیونکہ یہ میری زندگی کا حصہ ہے جیسے آسمان نیلا ہوتا ہے، لیکن اب میں یقینی طور پر اس سے نمٹنے کے لیے تیار ہوں۔

ماورا حسین نے اپنے ذہنی اضطراب کی کیفیت کے حوالے سے مزید کہا کہ جب بھی مجھے گھبراہٹ ہوتی ہے تو اس وقت میں اپنے گھر والوں اور دوستوں سے دور نہیں بھاگتی بلکہ انہیں اس بارے میں بتاتی ہوں، اس طرح میں اپنی کیفیت سے خود کو زیادہ مضبوط محسوس کرتی ہوں۔

ماورا کا کہنا تھا کہ میں یہ سب اس لیے بتا رہی ہوں کہ میں چاہتی ہوں جو لوگ بھی ذہنی اضطراب کا شکار ہیں وہ اس بات سے شرمندہ نہ ہوں۔

خیال رہے کہ اداکارہ ماورا حسین نے گزشتہ سال انسٹاگرام کے ذریعے ہی بتایا تھا کہ وہ ڈپریشن کی کیفیت میں مبتلا ہیں۔