بابر اعظم اس سال بھی سمر سیٹ کی نمائندگی کریں گے

بابر اعظم اس سال بھی سمر سیٹ کی نمائندگی کریں گے

میلبورن :پاکستان کرکٹ ٹیم کے بیٹسمین بابر اعظم اس سال بھی سمر سیٹ کی نمائندگی کریں گے اور پاکستان ٹیم کے دورہ انگلینڈ سے قبل سمر سیٹ کی جانب سے ٹی ٹوینٹی اور فور ڈے میچز کھیلیں گے۔

سمر سیٹ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق گزشتہ سیزن میں شاندار کارکردگی دکھانے کے بعد بابر اعظم ایک بار پھر سمرسیٹ کاؤنٹی کےلئے ایکشن میں ہوں گے۔

رواں سال وہ کاؤنٹی کو 28 مئی سے تین جولائی تک دستیاب ہوں گے اور اس دوران وہ ٹی ٹوینٹی بلاسٹ کے علاوہ فور ڈے کاؤنٹی چمپئن شپ کے کم از کم 2 میچز بھی کھیلیں گے جو انگلینڈ کے خلاف پاکستان کی سیریز کی تیاریوں میں انہیں مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔

پاکستان ٹیم انگلینڈ کے خلاف 30 جولائی سے 3 ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کھیلے گی۔ سمر سیٹ کے ڈائریکٹر کرکٹ اینڈی ہری کا کہنا ہے کہ بابر اعظم ٹی ٹوینٹی کے بہترین بیٹسمین ہیں اور ان کی واپسی کاؤنٹی کے لیے مفید ثابت ہوگی۔

بابر اعظم نے امید ظاہر کی کہ وہ ایک بار پھر عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرکے کاؤنٹی کو فتح دلانے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔ بابر اعظم نے گزشتہ ٹی ٹوینٹی سیزن میں بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا اور سمر سیٹ کے لیے 52.54 کی اوسط سے 578 رنز بنائے تھے جو انگلینڈ کے ٹی ٹوینٹی کپ میں کسی بھی بیٹسمین کی جانب سے سب سے زیادہ رنز تھے۔