ایران کو بڑی کامیابی مل گئی ،امریکی فوج کا کویت سے انخلاءشروع

ایران کو بڑی کامیابی مل گئی ،امریکی فوج کا کویت سے انخلاءشروع

کویت سٹی: ایران کی جوابی وار کے بعد امریکا نے کویت سے فوجیوں کے انخلا کا اعلان کردیا، امریکا تین روز میں کویت سے اپنی فوج نکال لے گا۔

تفصیلات کے مطابق روسی میڈیا کا کہنا ہے کہ امریکا نے کویت سے فوجیوں کے انخلا کا فیصلہ کرلیا، فوج کے انخلا سے متعلق امریکی کمانڈر کا خط کویتی وزیر دفاع کو موصول ہوا، کویتی وزیر دفاع کا کہنا ہے کہ امریکا تین روز میں کویت سے اپنی فوج نکال لے گا ،کیمپ عارف جان میں امریکی میرین کوسٹ گارڈ ،بحریہ ،فضائیہ کے اہلکار تعینات ہیں۔

دوسری جانب اسپین نے اعلان کیا ہے کہ عراق میں اپنے کچھ فوجیوں کو کویت منتقل کرے گا جبکہ فرانس کا کہنا ہے کہ عراق میں موجود اپنے فوجیوں کو واپس بلانے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتے۔

یاد رہے امریکا اور ایران کشیدگی کے باعث نیٹو اور رکن ممالک کینیڈا، جرمنی ہنگری اور رومانیہ سمیت کئی ممالک نے اپنے فوجیوں کو عراق سے نکالنے کا فیصلہ کیا تھا، فوجیوں کو ایرانی حملوں کے فوری بعد اردن اور کویت میں محفوظ مقامات پر منتقل کردیا گیا ہے۔

نیٹو کے تحت کینیڈا کے 500ہنگری کے200رومانیہ کے 14جرمنی کے120اورکروشیا کے 14اہلکار موجود تھے۔نیٹو کے سیکریٹری جنرل جینس اسٹولٹن برگ کا کہنا تھا کہ عراق میں ہمارے مشن کا مقصد داعش اور دہشت گردی روکنا ہے، اتحادی ایرانی سرگرمیوں سے پریشان ہیں۔

یاد رہے جنرل سلیمانی کے قتل پر ایران نے امریکا پر جوابی وار کرتے ہوئے عراق میں موجود امریکی فوجی اڈوں پر بیلسٹک میزائلوں سے حملے کئے ، واشنگٹن نے حملوں کی تصدیق کی، ایرانی پاسداران انقلاب نے جاری بیان میں کہا تھا کہ انھوں نے درجنوں میزائلوں سے امریکی اڈے کو نشانہ بنایا، اڈوں پر زمین سے زمین پر مار کرنے والے میزائل داغے گئے۔