لاہور میں ظلم وبربریت کا ایک اور واقعہ، 8 سالہ بچہ قتل، لاش نالے میں پھینک دی

Another incident of cruelty and barbarism in Lahore, 8 year old child killed, body was thrown in the drain
کیپشن: فائل فوٹو

لاہور: صوبائی دارالحکومت میں ایک اور انسانیت سوز واقعہ سامنے آیا ہے جس سے دل دہل گئے ہیں۔ نشتر کالونی کے نالے سے 8 سالہ بچے کی لاش برآمد ہوئی ہے۔ پولیس نے جنسی زیادتی کا شبہ ظاہر کرتے ہوئے واقعے کی تفتیش شروع کر دی ہے۔

تفصیل کے مطابق لاہور کے علاقے نشتر کالونی سے گزشتہ روز اغوا ہونے والے 8 سالہ بچے کی لاش کو گندے نالے سے برآمد کر لیا ہے۔ مقامی لوگوں نے لاش کی موجودگی کی اطلاع پولیس کو دی جس نے موقع پر پہنچ کر ریسکیو اہلکاروں کی مدد سے بچے کی ڈیڈ باڈی کو نالے سے نکالا۔

بچے کی لاش ملتے ہی اس کے گھر میں کہرام مچ گیا۔ بچے کے والدین پر غشی کے دورے طاری ہو گئے۔ مقامی میڈیا سے بات کرتے ہوئے مقتول بچے کی والدہ نے بتایا ہے کہ اس سے قبل میری بیٹی لاپتا ہوئی تھی لیکن وہ مل گئی لیکن بعد میں بچہ بھی لاپتا ہو گیا، وہ واپس نہ آیا لیکن اس کی لاش آ گئی۔

ادھر پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مقتول کی عمر 8 سال اور اس کا نام ارسلان ہے۔ اس کے والد ظہیر لاہور کے علاقے نشتر کالونی کے رہائشی ہیں۔ گزشتہ روز بچہ اغوا ہونے کا مقدمہ درج کرایا گیا تھا۔ اس کی تلاش کی کوششیں کی گئیں تو اس کی لاش نالے سے برآمد ہوئی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ بظاہر لگتا ہے کہ مقتول بچے سے زیادتی ہوئی ہے لیکن اس بات کی تصدیق کیلئے لاش کو پوسٹ مارٹم کیلئے بھیج دیا گیا ہے۔ تفتیش کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے مشکوک افراد پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے جبکہ سی سی ٹی وی فوٹیج سے بھی مدد لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ امید ہے کہ مجرم جلد قانون کی گرفت میں ہونگے۔