سندھ اسمبلی پر حملے کا خطرہ ہے، آغا سراج درانی

سندھ اسمبلی پر حملے کا خطرہ ہے، آغا سراج درانی
کیپشن: سندھ اسمبلی پر حملے کا خطرہ ہے، آغا سراج درانی
سورس: فائل فوٹو

کراچی: اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی نے انکشاف کیا ہے کہ سندھ اسمبلی پر شرپسند عناصر کی جانب سے حملے کا خطرہ ہے۔ جمعے کے دن ہونے والے اجلاس کے دوران آغا سراج درانی نے ایوان کو بتایا کہ سندھ اسمبلی کو سیکیورٹی کے خطرات کا سامنا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ حال ہی میں گرفتار ہونے شر پسند عناصر کے پاس سے سندھ اسمبلی کی بلڈنگ کی تصاویر برآمد ہوئی ہیں۔ ان سیکیورٹی خطرات کے حوالے سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو آگاہ کر دیا گیا ہے اور اب سب ارکان اسمبلی بھی چوکنا رہیں۔ 

خیال رہے کہ دو روز پہلے نیشنل کاونٹر ٹیررازم اتھارٹی نے الرٹ جاری کیا تھا جس میں شہر قائد میں تخریب کاری اور سرکاری عمارتوں پر حملوں کا خدشہ ظاہر کیا گیا تھا۔ 

واضح رہے کہ تین جنوری کو بلوچستان کے علاقے مچھ میں مسلح افراد نے اسلحے کے زور کمرے میں سونے والے گیارہ کان کنوں کو بے دردی سے قتل کر دیا تھا۔ اس واقعے کی ذمہ داری داعش نے قبول کی تھی۔

اس واقعے کے بعد صدر مملکت پاکستان، وزیراعظم عمران خان سمیت مختلف سیاسی شخصیات نے اظہار مذمت کیا تھا جبکہ عمران خان نے ایف سی کو واقعے میں ملوث افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کا حکم دیا تھا۔ تاہم ہزاری برادری نے پیش آنے والے سانحے کے بعد کوئٹہ کے مغربی بائی پاس پر اپنے پیاروں کی میتیں رکھ کر دھرنا دے دیا جو ابھی تک جاری ہے۔