برہان وانی کی پہلی برسی پر کریک ڈاؤن، انٹر نیٹ اور موبائل فون سروس بھی بند

برہان وانی کی پہلی برسی پر کریک ڈاؤن، انٹر نیٹ اور موبائل فون سروس بھی بند

سری نگر: مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج سے برسرپیکار حریت پسند رہنما اور حزب المجاہدین کے کمانڈر برہان وانی کی شہادت کو ایک برس مکمل ہو چکا ہے۔ برہان وانی کے یوم شہادت کے موقع پر وادی میں احتجاجی مظاہروں اور ریلیوں کا انعقاد کیا گیا ہے تاہم قابض بھارتی فورسز نے حریت پسند رہنما کی برسی سے کئی روز قبل ہی کشمیری شہریوں پر پابندیاں نافذ کرنا شروع کر دیں تھیں۔

حریت رہنماؤں اور نوجوانوں کی گرفتاریوں کا عمل اب تک جاری ہے۔ گزشتہ روز سے ہی سری نگر میں بھی کرفیو نافذ کر کے شہریوں کو دوسرے علاقوں کی جانب جانے سے روکا جا رہا ہے۔

بھارتی پولیس نے برہان مظفر وانی کی شہادت کی پہلی برسی پر جاری کردہ احتجاجی پروگراموں کو ناکام بنانے کے لیے حریت رہنماؤں اور عام کشمیری نوجوانوں کی گرفتاری کا سلسلہ تیز کر دیا ہے اور گزشتہ روز شہید برہان وانی کے والد مظفر احمد وانی کو بھی پولیس اسٹیشن طلب کر کے ڈرایا دھمکایا گیا۔

 

دوسری جانب مقبوضہ کشمیر میں انٹرنیٹ سروس بند کر دی گئی ہے اور پولیس نے انٹرنیٹ کی سہولت فراہم کرنے والے اداروں کو حکم دیا ہے کہ تمام سوشل میڈیا ویب سائٹس کو بلاک کر دیا جائے جب کہ نیٹ سروس کے ساتھ ساتھ موبائل فون سروس بھی معطل کرنے کا حکم نامہ جاری کر دیا ۔

یاد رہے گزشتہ سال 8 جولائی کو حریت کمانڈر برہان مظفر وانی کی بھارتی فوج کے ہاتھوں شہادت کے بعد مقبوضہ کشمیر میں آزادی کی تحریک میں تیزی آ گئی تھی۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں