'پیپلز پارٹی کرپشن کا کمایا پیسہ ضمنی انتخاب میں خرچ کر رہی ہے'

'پیپلز پارٹی کرپشن کا کمایا پیسہ ضمنی انتخاب میں خرچ کر رہی ہے'

کراچی: انسداد دہشت گردی عدالت کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے فاروق ستار کا مزید کہنا تھا کراچی کے پی ایس 114 میں تمام صوبوں سے تعلق رکھنے والے لوگ رہتے ہیں اور اس حلقے سے ایم کیو ایم پاکستان ہی سرخرو ہو گی جس کے بعد ثابت ہو جائے گا کہ ہماری جماعت علاقائی نہیں بلکہ قومی جماعت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کو 2018 کے انتخابات میں بھی کراچی سے کچھ نہیں ملے گا ۔ انہوں نے الزام لگایا اب بھی پیپلز پارٹی کرپشن سے کمایا ہوا پیسہ الیکشن میں لگا کر کچھ بھی حاصل نہیں کر سکے گی 9 جولائی سے مظلوموں کے لئے انصاف کا آغاز ہوگا۔

ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار کا کہنا تھا کہ ہر کام آئین اور قانون کے تابع ہونا چاہئے لیکن پیپلز پارٹی نے سندھ میں نیب کا قانون ختم کر کے ریاست کے اندر ریاست بنانے کی کوشش کی ہے۔ ہم پیپلز پارٹی کو ریاست کے اندر ریاست بنانے کی اجازت ہرگز نہیں دیں گے۔

اس سے قبل انسداد دہشت گردی عدالت میں 22 اگست کی اشتعال انگیز تقریر اور میڈیا ہاؤسز پر حملے سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔ ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار، قمر منصور اور رؤف صدیقی سمیت دیگر ملزمان بھی عدالت میں پیش ہوئے تاہم جج کی رخصت کے باعث بغیر کارروائی کے سماعت 5 اگست تک ملتوی کر دی گئی۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں