سی پیک کے تحت بجلی کی پیداوار کے منصوبے مکمل ہونا شروع ہوگئے

سی پیک کے تحت بجلی کی پیداوار کے منصوبے مکمل ہونا شروع ہوگئے

اسلام آباد: پاک چین باہمی تعاون اور اقتصادی راہداری کے تحت بجلی پیداوار کے زیر تعمیر منصوبوں نے مکمل ہونا شروع کردیا ہے۔حالیہ دس دن کے دوران تین ایسے بڑے منصوبوں سے قومی گرڈ میں دو ہزار میگاواٹ سے زائد بجلی کی نئی پیداوار قومی گرڈ میں شامل ہوئی۔رپورٹ کے مطابق سی پیک کے تحت 46ارب ڈالرز کی لاگت سے جلد بجلی پیداوار کے 14بڑے منصوبوں زیرتعمیر ہیں۔ ان سے 11ہزار میگاواٹ سے زائد بجلی بنے گی جبکہ ڈھائی ہزار میگاواٹ کے مزید دو منصوبے بھی زیر غور ہیں۔اس طرح کل 14ہزار میگاواٹ بجلی پیداوار کی منصوبہ بندی سی پیک میں شامل ہے۔

سی پیک کے تحت پہلا مکمل ہونے والا بجلی گھر ساہیوال کول پاور پلانٹ ہے۔یومیہ 13سو 20میگاواٹ بجلی بنانے والا یہ پلانٹ 22 ماہ کی ریکارڈ مدت میں مکمل ہوا۔ملک میں بجلی کی طلب اور رسد کے موجودہ فرق کا 25 فیصد یہ اکیلا پلانٹ پوری کررہا ہے۔سی پیک کے تحت جنوبی پنجاب میں ضلع جھنگ میں حویلی بہادر شاہ کا 12 سو 30 میگاواٹ صلاحیت کا گیس پلانٹ بن رہا ہے۔اس کے پہلے 7 سو 60 میگاواٹ والے یونٹ نے بجلی پیدا کرنا شروع کردی ہے۔ باقی ساڑھے چار سو میگاواٹ کا یونٹ دسمبر میں تعمیر ہوگا۔ جلد تعمیر کے ایسے منصوبوں میں سندھ میں تھر کے کوئلہ ذخائر سے 6 سو 60 میگاواٹ بجلی پیدا کرنے والے پہلے یونٹ کی تعمیر بھی جاری ہے۔کراچی کی پورٹ قاسم پر 13 سو 20 میگاواٹ صلاحیت والا کول پاور پلانٹ زیر تعمیر ہے۔ بہاولپور میں شمسی توانائی سے بجلی پیداوار کا منصوبہ، قومی گرڈ میں 300 میگاواٹ بجلی فراہم کررہا ہے۔پہلے سے جاری پاک چین تعاون کے تحت، میانوالی کے قریب ایٹمی صلاحیت سے چلنے والے چشمہ کے چوتھے پلانٹ نے بھی بجلی کی پیداوار شروع کردی ہے۔

مصنف کے بارے میں