عمران خان پاکستان کی معاشی تباہی کا ایجنڈا لے کر آئے ہیں، احسن اقبال

عمران خان پاکستان کی معاشی تباہی کا ایجنڈا لے کر آئے ہیں، احسن اقبال
کیپشن: عمران نے لوگوں سے جھوٹ بولے اور ایک سال میں 7 ہزار ارب کا قرض لیا، احسن اقبال۔۔۔۔۔۔۔۔فوٹو/ اسکرین گریب نیو نیوز

اٹک: ن لیگ کے ورکرز کنونش سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا ہے کہ عمران خان پاکستان کی معاشی تباہی کا ایجنڈا لے کر آئے ہیں اور ہماری حکومت کو سازش کے تحت نکالا گیا۔ ن لیگ کی حکومت پھر آ جاتی تو پاکستان ایشیا کا ٹائیگر بن جاتا۔

احسن اقبال کا کارکنوں سے خطاب میں کہنا تھا کہ پاکستان کے دشمنوں نےسازش کی اور عمران خان ملک کو تباہی کی طرف لے جا رہے ہیں۔ ادب کیساتھ کہتا ہوں ملک صحیح سمت پر نہیں جا رہا۔ عمران نے لوگوں سے جھوٹ بولے اور ایک سال میں 7 ہزار ارب کا قرض لیا۔ یہ قوم عمران خان آپ کو نہیں چھوڑے گی۔

انھوں نے کہا کہ ہم سے 25 سال بعد بننے والا بنگلادیش آگے نکل گیا اور پہلے یہ صورتحال نہیں تھی اب اناڑی آ گیا ہے، اناڑی کو موٹرسائیکل دی جائے تو وہ دیوار میں ہی مارے گا۔ سی پیک منصوبہ ہمارے قائد کا پہلا گناہ تھا جبکہ سی پیک خطے کیلئے گیم چینجر ہے۔

مریم اورنگزیب نے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کہا جا رہا ہے شاہد خاقان، احسن اقبال اور خواجہ آصف گرفتار ہوں گے۔ پیغام دینا چاہتی ہوں سب کو گرفتار کر لو خلق خدا کو کیسے روکو گے۔ تمہاری حکومت لانے کیلئے نواز شریف کو جیل میں ڈالا گیا۔ جیلوں میں شیر این آر او نہیں مانگتے اب نوازشریف زیادہ دیر تک جیل میں نہیں رہیں گا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پرسوں کی ویڈیو میں اس شخص نے گواہی دی جس نے فیصلہ دیا۔ نواز شریف نے بجلی کے منصوبے اور موٹروے بنائی اور نواز شریف اس لیے جیل میں ہے کیونکہ آپ نالائق ہیں۔ نااہل وزیراعظم کو پیغام دینا چاہتی ہوں شیر گیدڑوں سے نہیں ڈرتے۔

لیگی رہنما نے مزید کہا کہ رانا ثنا اللہ کو گرفتار کیا گیا اور کوئی فوٹیج یا تصویر نظر نہیں آئی۔ سلیکٹڈ وزیراعظم کو پیغام مل گیا ہو گا کتنے شیروں کو جیلوں میں ڈالو گے۔ عمران خان ن لیگ کی شیرنی سے ڈرتے ہیں۔