پاکستان پیپلز پارٹی کے سابق رکن صوبائی اسمبلی قاتلانہ حملے میں جاں بحق

پاکستان پیپلز پارٹی کے سابق رکن صوبائی اسمبلی قاتلانہ حملے میں جاں بحق
کیپشن: پاکستان پیپلز پارٹی کے سابق رکن صوبائی اسمبلی رہنما قاتلانہ حملے میں جاں بحق
سورس: فائل فوٹو

اٹک: پنجاب کے ضلع اٹک سے تعلق رکھنے والے پاکستان پیپلز پارٹی کے سابق رکن صوبائی اسمبلی اور مقامی رہنما قاتلانہ حملے میں جاں بحق ہوگئے۔

پاکستان پیپلزپارٹی کے سابق رکن صوبائی اسمبلی ملک شاہان حاکمین پر اٹک میں قاتلانہ حملہ کیا گیا، جس میں وہ شدید زخمی ہوئے۔پولیس حکام کے مطابق  ملک شاہان پرگاؤں شین باغ میں اُس وقت حملہ کیا گیا جب وہ نماز جنازہ کی ادائیگی کے لیے پہنچے تھے۔ اہل خانہ اور دوستوں نے فوری طور پر ملک شاہان کو راولپنڈی کے اسپتال منتقل کیا جہاں پہنچتے ہی وہ دم توڑ گئے۔

پاکستان پیپلزپارٹی کے سیکرٹری جنرل نیئر بخاری نے صوبائی رہنما پر ہونے والے قاتلانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے قاتلوں کو فوری گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

نیئر بخاری کا کہنا تھا کہ شاہان ملک کےجاں بحق ہونے ک اواقعہ انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت ہے جبکہ دکھ کی اس گھڑی میں شاہان ملک کےاہل خانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ 

دوسری جانب ایک بیان میں پی پی چیئرمین نے سابق ممبر پنجاب اسمبلی شاہان ملک کے قتل پر دلی دکھ کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک شاہان کے قتل پر پارٹی اور قیادت سوگوار ہے۔ شاہان ملک شہید اپنے والد حاکمین خان کی طرح پارٹی کا بڑا اثاثہ تھے جبکہ حکومت ملک شاہان کے قاتلوں کو قانون کی گرفت میں لائے۔

شریک چیئرمین پی پی نے ملک شاہان حاکمین کے خاندان سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا پارٹی اور قیادت ملک شاہان کےقتل پر غمزدہ ہے۔

آصف علی زرداری نے وفاقی اور پنجاب حکومت سے ملک شاہان کے قاتلوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔