حارث سہیل انگلینڈ کیخلاف ون ڈے سیریز سے باہر ہو گئے مگر کیوں؟

حارث سہیل انگلینڈ کیخلاف ون ڈے سیریز سے باہر ہو گئے مگر کیوں؟
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے مڈل آرڈر بلے باز حارث سہیل انجری کے باعث انگلینڈ کیخلاف تین میچوں پر مشتمل ون ڈے سیریز سے باہر ہو گئے ہیں، وہ گزشتہ ہفتے ڈربی میں ٹریننگ سیشن کے دوران ہیمسٹرنگ انجری کا شکار ہو گئے تھے۔ 
میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ روز حارث سہیل کا ایم آر آئی سکین کیا گیا تو انکشاف ہوا کہ انجری سے مکمل نجات کیلئے انہیں چار ہفتے تک نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر میں بحالی پروگرام کا حصہ بننا ہو گا جس کیلئے وہ وطن واپس آئیں گے تاکہ جلد از جلد صحت یاب ہو سکیں۔ 
انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ میں انگلینڈ کیخلاف ون ڈے سیریز میں اپنی کارکردگی سے ٹیم کی جیت میں کردار ادا کرنے اور ٹیم میں مستقل جگہ بنانے کیلئے شدت سے سیریز کا منتظر تھا اور یہی وجہ ہے کہ انجری کے باعث سیریز سے باہر ہونے پر بے حد افسردہ ہوں تاہم میں بحالی پروگرام کا حصہ بن کر جلد از جلد مکمل صحت یاب ہونے کی کوشش کروں گا تاکہ 22-2021ءکے کرکٹ سیزن میں شرکت کر سکوں۔