وزیراعظم نے پاکستان کی پہلی الیکٹرک بائیک کا افتتاح کر دیا  

The Prime Minister will inaugurate Pakistan's first electric bike today
کیپشن: فائل فوٹو

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان  نے پاکستان کی پہلی ماحول دوست الیکٹرک بائیک (ای بائیک ) کا افتتاح کردیا ہے۔

ای بائیک کا اجرا موجودہ حکومت کی پاکستان الیکٹرک وہیکلز پالیسی 25- 2020ء کا ایک اہم حصہ ہے۔ یہ پالیسی گزشتہ سال منظور کی گئی تھی اور اس پالیسی کے تحت ایک مضبوط الیکٹرک وہیکل مارکیٹ کو ہدف بنانا تھا جس میں 2030ء تک مسافر وہیکلز اور ہیوی ڈیوٹی ٹرکس کا 30فیصد جبکہ 2040تک 90فیصد حصہ مقرر کیا گیا ہے۔

اس پالیسی کی نمایاں خصوصیات میں آٹو موبائل کی صنعت کی مرحلہ وار منتقلی بھی شامل ہے۔ اس میں 2 اور 3 پہیوں والی اور ہیوی کمرشل وہیکلز شامل ہیں جبکہ گاڑیاں بنانے والوں کو مراعات کی فراہمی بھی اس پالیسی کا حصہ ہے۔

وزیراعظم عمران خان کی جانب سے لانچ کی جانے والی یہ الیکٹرک بائیک ایک پاکستانی کمپنی جولٹا الیکٹرک نے تیار کی ہے، یہ ای بائیک جے ای 70، جے ای 70ایل، جے ای70 ڈی ، جے ای 100ایل ، جے ای 125ایل موٹرسائیکل ، جے ای سکوٹی اور جے ای سپورٹس سمیت مختلف ماڈلز میں دستیاب ہو گی، جو توانائی کی بچت اور رات بھر چارج ہو سکے گی جبکہ اس کی خصوصیات میں نہ تو کلچ اور نہ ہی گیئر کا ہونا ہے اور اس کی کوئی مرمتی بھی نہیں ہے ۔

ان جولٹا ای بائیکس کی رفتار 10سے 60کلو میٹر فی گھنٹہ تک ہو گی ، ایک بار چارج کئے جانے کے بعد 60سے 100کلو میٹر تک فاصلہ طے کرنے کی صلاحیت کی حامل ہو گی۔ جولٹا ای وی ٹیکنالوجی ، اے یو جے ٹیکنالوجی پرائیویٹ لمیٹڈ کا ایک اقدام ہے ، جو ای وی ٹیکنالوجی فراہم کرتی ہے اور2،3،4اور 6ویلرز الیکٹرک گاڑیوں کی کٹس ڈیزائن کرتی ہے ۔ یہ کمپنی چین میں اپنی پراڈکٹس کی ڈیزائننگ ، ترقی اور مینوفیکچرنگ کے 5سالہ تجربہ کی حامل ہے۔