انگلینڈ کیخلاف مثبت اور جارحانہ کرکٹ کھیلیں گے: بابراعظم

انگلینڈ کیخلاف مثبت اور جارحانہ کرکٹ کھیلیں گے: بابراعظم
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

کارڈیف: پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نے کہا ہے کہ انگلینڈ کیخلاف سیریز میں مثبت اور جارحانہ انداز میں کرکٹ کھیلیں گے اور جیتیں گے ،ہم کلیئر ہیں کہ کس کمبی نیشن کے ساتھ جانا ہے ، اچھی کرکٹ اور نتائج کیلئے پرامید ہیں۔ 
تفصیلات کے مطابق پاکستان اور انگلینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین ون ڈے انٹرنیشنل میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ آج  صوفیہ گارڈنز، کارڈیف میں کھیلا جائے گا اور یہ میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام 5 بجے شروع ہو گا ،پاکستان کے خلاف ون ڈے سیریز میں انگلش ٹیم کو تیسری پوزیشن بچانے کا چیلنج درپیش ہوگا۔
قومی ٹیم سے ون ڈے سیریز ہارنے کے بعد بھارت تیسرے نمبر پر آ جائے گا جبکہ پاکستان کی چھٹی پوزیشن برقرار رہے گی۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا کہنا ہے کہ پہلے ون ڈے میچ سے قبل انگلینڈ کی پوری ٹیم کے تبدیل ہونے سے مایوسی ہوئی ہے لیکن ہم اپنا مائنڈ سیٹ تبدیل نہیں کریں گے، مثبت انداز میں کرکٹ کھیلیں گے اور جیتیں گے۔ 
ان کا کہنا تھا کہ نئے کھلاڑیوں کے خلاف بھی پلان بنا لیا ہے، پہلے ایک روزہ میچ سے قبل کارڈیف میں آن لائن پریس کانفرنس کرتے ہو ئے بابر اعظم نے کہا کہ جو صورتحال پیدا ہوئی یہ کوئی آئیڈیل نہیں تھی لیکن ان حالات کو سمجھنا چاہیے کہ کوویڈ کے غیر معمولی حالات کا سامنا ہے اور ہم مداحوں کیلئے کرکٹ کھیل رہے ہیں۔
بابر اعظم نے کہا کہ ہم ڈیڑھ سال سے بائیو سکیور ببل میں ہیں، پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) نے اعتماد دیا اور کہا کہ معاملات کو مزید اچھا کریں گے، میں اپنے کھلاڑیوں کو کریڈٹ دوں گا جو ان حالات میں مثبت سوچ رہے ہیں، ان کامائنڈ سیٹ وہی ہے جو پہلے تھا جبکہ توجہ کرکٹ پر ہے۔
قومی ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا کہ آج کے میچ پر تمام تر توجہ مرکوز ہے اور مثبت سوچ کیساتھ میدان میں اتریں گے کیونکہ ہمارے لئے یہ سیریز بڑی اہم ہے، ورلڈ سپر لیگ کی سیریز ہے جس میں فتح حاصل کر کے ہمیں اگلے مرحلے کیلئے کوالیفائی کرنا ہے، انگلینڈ کی ٹیم میں نئے لڑکے ہیں لیکن ہم انہیں جانتے ہیں اور ان کے خلاف پلان تیار کر لیا ہے۔ 
بابراعظم نے کہا کہ انگلینڈ کرکٹ ٹیم تبدیل ہونے کے باعث ہمارے اینالسٹ کو بہت جلد کام کرنا پڑا، ہم نے جن کھلاڑیوں کیلئے پلان تیار کیا تھا، وہ تبدیل ہو گئے اور اب نئے کھلاڑیوں کی وجہ سے ہمارے اینالسٹ نے نیا پلان دیا ہے البتہ ہمارے فوکس میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔ 
انہوں نے مزید کہا کہ انگلینڈ کی نمبر ون ٹیم ہے اور اسے ہرگز آسان نہیں سمجھ سکتے، سیریز میں جیت حاصل کرنے کیلئے ہمیں بے خوف کرکٹ کھیلنا پڑے گی، ڈربی میں ٹریننگ کرنے سے کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہونے کا موقع ملا اور ون ڈے کرکٹ کے پلان کے ساتھ ٹریننگ کی، ہم کلیئر ہیں کہ کس کمبی نیشن کے ساتھ جانا ہے، کارڈیف میں اچھی کرکٹ کیلئے پر امید ہیں۔