آزاد کشمیر میں پی ٹی آئی کامیاب ہو گی، بلاول دل کا جانی، اس کیخلاف کوئی بات نہیں سن سکتا: شیخ رشید

آزاد کشمیر میں پی ٹی آئی کامیاب ہو گی، بلاول دل کا جانی، اس کیخلاف کوئی بات نہیں سن سکتا: شیخ رشید
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

اسلام آباد: حکومت پاکستان نے تمام غیر ملکیوں کو رجسٹرڈ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے جنہیں ایلین کارڈ کے ذریعے بینک اکاؤنٹس کھولنے کی اجازت بھی دی جائے گی،آزاد کشمیر میں بلا جیتے گا اور آئندہ انتخابات میں بھی قوم عمران خان کو ہی ووٹ دے گی، بلاول بھٹو دل کا جانی ہے، اس کے خلاف کوئی بات نہیں سن سکتا۔ 
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) آزادکشمیر میں کامیابی حاصل کرے گی، آزاد کشمیر انتخابی مہم میں تحریک انصاف کیساتھ ہیں، عمران خان کشمیر جارہے ہیں اور میں بھی انتخابی مہم میں شرکت کیلئے ان کے ساتھ جاؤں گا، آزاد کشمیر میں اس مرتبہ حکومت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) ہی بنائے گی۔ 
کورونا وائرس کی صورتحال کے باعث طورخم بارڈر پر آمدورفت بند کرنے سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ افغانستان میں کورونا کا بہت مسئلہ ہے اور وہاں سنگین صورتحال ہے، طورخم بارڈر پر 4 سے 5 ہزار پھنسے افراد کو نکالنے کیلئے جلد لائحہ عمل طے کریں گے، طورخم بارڈر کو ویکسی نیشن کروانے اور مڈل ایسٹ، سعودیہ جانے والے ان افراد کیلئے کھول رہے ہیں جو بارڈر پر ہیں۔ 
وفاقی وزیر نے کہا کہ منشیات کی سمگلنگ روکنے کیلئے بڑا اقدام اٹھانے جا رہے ہیں، پاکستان سے بیرون ملک منشیات نہیں جاتیں بلکہ وہاں سے ادھر آتی ہیں، 70 سال میں 50 ہزار لوگ پاکستان داخل ہوئے، پاکستان میں داخل ہونے والے 40 سے 50 ہزار افراد کا کوئی ریکارڈ نہیں ہے، افغان جعلی کارڈرکھنے والے پکڑے ہیں، اگر کسی کا ویزہ ختم ہوجائے تووزارت داخلہ سے رابطہ کر سکتے ہیں، تمام ویزا آن لائن کردیا گیاہے، حکومت نے تمام غیر ملکیوں کو رجسٹرڈ کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور انہیں ایلین کارڈ کے ذریعے بینک اکاوَنٹس کھولنے کی اجازت بھی ہو گی۔ 
وزیر داخلہ شیخ رشید نے ایک مرتبہ پھر بھارت کیساتھ کسی بھی طرح کی بات چیت کے امکان کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ جب تک وہ 5 اگست کے اقدامات واپس نہیں لیتا، بھارت سے کوئی بات نہیں ہو سکتی، برہان وانی کی شہادت پر کشمیر میں آج جو ہوا اس کی مذمت کرتے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ٹی ایل پی کافیصلہ اس ہفتے کابینہ میں چلاجائے گا، ٹی ایل پی رپورٹ اس کابینہ میٹنگ میں بھیج رہے ہیں، شیخ رشید نے مزید کہا بلاول دل کاجانی ہے اس کیخلاف کوئی بات نہیں سن سکتا ، اگلے الیکشن میں بھی عمران خان کوقوم ووٹ دےگی، اس کیلئے ہمیں اپنی پر فارمنس مزیدبہترکرنا ہوگی۔