منی لانڈرنگ ریفرنس، شہباز شریف نے اپنی کارکردگی کا کتابچہ عدالت کو دیدیا

منی لانڈرنگ ریفرنس، شہباز شریف نے اپنی کارکردگی کا کتابچہ عدالت کو دیدیا
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے منی لانڈرنگ، رمضان شوگر ملز اور آشیانہ ریفرنسز کی سماعت کے دوران کمرہ عدالت میں اپنی خدمات کا ذکر کرتے ہوئے فاضل جج کو اپنی کارکردگی پر مبنی کتابچہ پیش کر دیا۔ 
تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت کے ڈیوٹی جج شیخ سجاد احمد نے ریفرنسز پر سماعت کی جس دوران اپوزیشن لیڈر شہباز شریف اور حمزہ شہباز سمیت دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوئے۔ اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے ایک بار پھر کمرہ عدالت میں اپنی خدمات کا ذکر کیا اور فاضل جج کواپنی کارکردگی پر مبنی کتابچہ بھی پیش کیا۔
قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے عدالت کو بتایا کہ انہوں نے قوم کے اربوں روپے بچائے، بجلی کے منصوبے نواز شریف کی نگرانی میں لگائے، بجلی وافر اور سستی ترین تھی، یہ حقیر خدمت ہے اور ہم نے قوم کی خدمت کی ہے۔ اپوزیشن لیڈر نے اپنی کارگردگی سے متعلق کتابچہ بھی فاضل جج کو پیش کیا۔
عدالت نے استفسار کیا کہ کیا آپ نے کارگردگی سے متعلق رپورٹ نیب کے تفتیشی کو دی ؟ جس پر شہباز شریف نے کہا کہ بالکل سارا ریکارڈ نیب کو فراہم کیا تھا، میں یہاں کوئی سیاسی بات نہیں کروں گا، احتساب عدالت نے تینوں ریفرنسز پر کارروائی 16 اگست تک ملتوی کر دی۔
اپوزیشن لیڈر شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی پیشی کے موقع پر احتساب عدالت وفاقی کالونی کے اطراف میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے اور عام شہریوں کا داخلہ بند رکھا گیا جس کے باعث کینال روڈ پر ٹریفک کی لمبی قطاریں لگی رہیں۔