انگلینڈ نے یوروکپ کے فائنل میں جگہ بنا لی

انگلینڈ نے یوروکپ کے فائنل میں جگہ بنا لی
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لندن: انگلینڈ فٹ بال ٹیم نے یورو کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں ڈنمارک کو 1-2 سے شکست دے کر فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا ہے جہاں اس کا مقابلہ اٹلی سے ہو گا، میچ کا فیصلہ اضافی وقت کے کھلی میں ہوا جس دوران انگلینڈ کے کپتان ہیری کین نے پنالٹی کک پر فیصلہ کن گول کیا۔ 
تفصیلات کے مطابق یورو کپ فٹ بال میں دوسرا سیمی فائنل پہلے ہاف میں انتہائی سنسنی خیز رہا جب ڈنمارک کے ڈیمزگارڈ نے 30 ویں منٹ میں گول کر کے ٹیم کو سبقت دلائی تاہم 39 ویں منٹ میں ڈنمارک کے سائمن کئیار نے اپنے ہی گول میں گیند پھینک کر اپنی ہی ٹیم کی برتری ختم کردی۔
میچ کے دوسرے ہاف میں دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے کی جانب تابڑ توڑ حملے کئے مگر دونوں میں سے کوئی ٹیم بھی گول نہ کر سکی اور یوں میچ کے فیصلے کیلئے اضافی وقت دیا گیا جس کے 14ویں منٹ پر کپتان ہیری کین نے پنالٹی کک کے ری باؤنڈ پر گول کرکے انگلینڈ کو ایک کے مقابلے میں دو گول کی برتری دلائی جو آخر وقت تک برقرار رہی۔
انگلش ٹیم نے 1966 کے بعد پہلی مرتبہ کسی بڑے فٹ بال ٹورنامنٹ کے فائنل میں جگہ بنائی ہے جس پر انگلینڈ بھر میں خوب جشن منایا گیا جبکہ ڈنمارک میں فضاءسوگوار ہو گئی، اس سے قبل یورو کپ میں انگلینڈ فٹ بال ٹیم دو مرتبہ تیسری پوزیشن تک ہی پہنچ پائی تھی۔