سندھ ہائیکورٹ کا ٹاک ٹاک پر قابل اعتراض ویڈیوز اپ لوڈ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا حکم 

سندھ ہائیکورٹ کا ٹاک ٹاک پر قابل اعتراض ویڈیوز اپ لوڈ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا حکم 
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

کراچی: سندھ ہائیکورٹ نے ویڈیو شیئرنگ ایپلی کیشن ٹک ٹاک پر پابندی سے متعلق درخواست کی سماعت کرتے ہوئے قابل اعتراض ویڈیوز اپ لوڈ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا حکم دیدیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق عدالت عالیہ نے اپنے حکم میں کہا ہے کہ پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) مختلف ویب سائٹس پر اپ لوڈ کی گئی قابل اعتراض ویڈیوز پر کارروائی کرے۔
سندھ ہائیکورٹ نے پاکستان مخالف اور قابل اعتراض ویڈیوز کے خلاف پی ٹی اے کو فوری کارروائی کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایسی ویڈیوز جو کسی بھی ذات یا انسان کے خلاف ہوں اپ لوڈ نہ ہوں۔ عدالت عالیہ نے یہ ہدایت بھی کی ہے کہ قابل اعتراض ویڈیوز اپ لوڈ کرنے والوں کے خلاف بھی کارروائی کی جائے۔
واضح رہے کہ سندھ ہائیکورٹ نے گزشتہ مہینے کی 28 تاریخ کو پی ٹی اے کو حکم دیا تھا کہ ٹک ٹاک ایپلی کیشن کو فوری طور پر معطل کر دیا جائے تاہم بعد ازاں یہ فیصلہ واپس لیتے ہوئے پی ٹی اے کو ٹک ٹاک سے متعلق درخواستیں جلد نمٹانے کا حکم دیا تھا۔