سعودی عرب نے ہمیشہ ہمارا تحفظ کیا، شاہِ بحرین

سعودی عرب نے ہمیشہ ہمارا تحفظ کیا، شاہِ بحرین

منامہ :بحرین کے شاہ حمد بن عیسیٰ آل خلیفہ نے کہا ہے کہ ان کے ملک نے ہمیشہ سعودی عرب کا ساتھ دیا ہے اور سعودی مملکت نے قطری اور ایرانی مداخلت کے مقابلے میں ان کے ملک کا تحفظ کیا ہے۔عرب ٹی وی کے مطابق بحرینی شاہ سعودی عرب کے دورے پر ہیں۔ انھوں نے جدہ میں شاہ سلمان بن عبدالعزیز سے ملاقات کی ہے۔
ان سے دوطرفہ تعلقات اور قطری بحران کے تناظر میں خطے کی تازہ صورت حال پر تبادلہ خیال کیا ۔انھوں نے ایک بیان میں کہا کہ وہ سعودی عرب میں خطے کی تازہ صورت حال پر گفتگو کے لیے ہی نہیں آئے ہیں بلکہ ان کے دورے کا مقصد سعودی عرب کی جانب سے بحرین کی مد د و حمایت پر تشکر اور تحسین کا اظہار بھی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب نے ہمیشہ قطری اور ایرانی مداخلت کے مقابلے میں بحرین کی سلامتی اور استحکام کا تحفظ کیا ہے۔شاہ حمد نے کہا کہ قطر اور ایران متعدد دوسرے ممالک میں بھی مداخلت کررہے ہیں۔اس سے ہمارے عرب اور مسلم برادر متاثر ہوئے ہیں۔اس کے بعد ہمارے لیے اپنی سلامتی اور استحکام کے تحفظ کے سوا کوئی چارہ کار نہیں رہ گیا تھا اور اسی مقصد کے لیے حالیہ اقدامات کیے گئے ہیں۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں