بھارتی جارحیت کے باعث خطے میں امن کو سخت خطرات لاحق ہیں: دفتر خارجہ

بھارتی جارحیت کے باعث خطے میں امن کو سخت خطرات لاحق ہیں: دفتر خارجہ

اسلام آباد: دفتر خارجہ میں ترجمان نفیس زکریا نے میڈیا کو ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے کہا پاکستان کو مشرق وسطیٰ کی موجودہ صورتحال پر تشویش ہے  اس حوالے سے تمام مسلم ممالک سنجیدہ اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلمان ممالک کے درمیان اتحاد پر یقین رکھتا ہے عالمی عدالت انصاف میں کلبھوشن یادیو کے کیس کی سماعت کے حوالے سے ترجمان نے کہا کہ آج دی ہیگ میں آئندہ ہونی والی سماعت کے حوالے سے شیڈول طے کیا جائے گا۔ امریکی میڈیا میں گردش کرنیوالی خبریں کہ چین پاکستان میں فوجی اڈہ قائم کرے گا کے حوالے سے ترجمان نے کہا کہ ان خبروں کی چینی دفاع وزارت نے اس کی تردید کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باﺅنڈری پر فائربندی کی مسلسل خلاف ورزی کر رہا ہے اس جارحیت کے باعث جنوبی ایشاء کے خطے میں امن کو سخت خطرات لاحق ہیں اور پاکستان خطے میں امن و سلامتی پر یقین رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت اس طرح کی صورتحال اس وجہ سے پیدا کر رہا ہے کہ کشمیر میں بھارتی فورسز کی جانب سے انسانی حقوق کی شدید خلاف ورزیوں سے دنیا کی توجہ ہٹا سکے۔ ترجمان نے اقوام متحدہ اور دیگر عالمی اداروں کو بھارت کی جانب سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔ اقوام متحدہ سے اپیل کی کہ وہ کشمیر کے حوالے سے اپنی حق خودارادیت دینے کی قرارداد پر عمل درآمد کرائے۔

انہوں نے کہا کہ ایک ہفتہ کے دوران بھارتی فورسز نے 9 کشمیریوں کو شہید کیا ہے جس میں 12 سالہ طالبعلم عادل فاروق اور 2 نوجوان شامل ہے جبکہ 40 کو گرفتار اور 40 کو زخمی کیا گیا ہے۔ بھارتی ایجنسیوں اور داعش کے تعلقات کے حوالے سے سوالات کے جواب میں نفیس زکریا نے کہا کہ بھارت افغان سرزمین کو پاکستان کے خلاف دہشتگردی کیلئے استعمال کر رہا ہے۔ سمجھوتہ ایکسپرس حملہ کے حوالے سے ترجمان نے کہا کہ یہ واقعہ 2007 میں پیش آیا تھا لیکن بھارت نے ابھی تک پاکستان کے ساتھ اس واقعہ کی تحقیقات کا تبادلہ نہیں کیا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ پاکستان افغانستان میں امن کا خواہ ہے اور حال ہی میں ہونے والی کانفرنس کی حمایت کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان میں امن نہ ہونے کی وجہ سے پاکستان بھی متاثر ہو گا۔ پاکستان افغانستان میں قیام امن کی تمام کوششوں کی حمایت کرتا ہے۔ افغان صدر اشرف غنی کی جانب سے کابل کانفرنس میں پاکستاں کے خلاف دیئے گئے بیان کے حوالے سے ترجمان نے کہا کہ افغان صدر کا بیان سوشل میڈیا پر بھی موجود ہے اس میں انہوں نے وہ نہیں کہا جو میڈیا میں آیا ہے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں