نگران وزیراعظم کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس، اہم امور پر گفتگو

نگران وزیراعظم کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس، اہم امور پر گفتگو
کیپشن: اجلاس میں ملک کی اندرونی اور سرحدی صورتحال پر غور کیا گیا۔۔۔فائل فوٹو

اسلام آباد: نگران وزیراعظم کی زیرصدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں ملک کی اندرونی اور سرحدی صورتحال پر غور کیا گیا۔ نگران وزیراعظم جسٹس (ر) ناصرالملک کی زیرصدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں مسلح افواج کے سربراہان، نگران وفاقی وزرا اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

ذرائع کے مطابق قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں عسکری حکام نے بریفنگ دی اور دہشت گردوں کے خلاف جاری کارروائیوں اور دیگر اقدامات سے آگاہ کیا جب کہ اس دوران ملک کی اندرونی اور سرحدی صورتحال پر تفصیلی غور کیا گیا۔

مزید پڑھیں: عیدالفطر کی تعطیلات 15 سے 18 جون تک ہوں گی، نوٹیفکیشن

ذرائع نے بتایا کہ اجلاس میں نگران وزیر خزانہ شمشاد اختر نے ایف اے ٹی ایف کے آئندہ اجلاس سے متعلق تیاریوں پر بریفنگ دی اور اس حوالے سے درکار قانونی اور انتظامی اقدامات سے متعلق بریف کیا۔ ذرائع کے مطابق قومی سلامتی کمیٹی نے ایف اے ٹی ایف سے متعلقہ اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔

اس کے علاوہ وزیراعظم نے کمیٹی کو گزشتہ روز امریکی نائب صدر سے ہونے والی ٹیلیفونک گفتگو سے بھی آگاہ کیا۔

یہ بھی پڑھیں: اصغر خان کیس، نواز شریف کا سپریم کورٹ میں پیش نہ ہونے کا فیصلہ

ذرائع کے مطابق قومی سلامتی کمیٹی کا کہنا ہے کہ پاکستان عالمی سطح پر ذمہ داریوں کو پورا کر رہا ہے اور مشترکہ مفادات اور اہداف کے حصول کے لیے عالمی تنظیموں کے ساتھ تعاون کر رہے ہیں جب کہ ایف اے ٹی ایف کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے تمام اقدامات اٹھائیں گے۔

 نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں