کامیاب فلموں کے باوجود اداکار سنجے مشرا کسمپرسی کی زندگی گزارنے پر مجبور

کامیاب فلموں کے باوجود اداکار سنجے مشرا کسمپرسی کی زندگی گزارنے پر مجبور
کیپشن: فوٹو: فائل

ممبئی: بالی ووڈ کی کامیاب کامیڈی فلموں میں جاندار اداکاری سے الگ پہچان بنانے والے اداکار سنجے مشرا 100 سے زائد فلموں میں کام کرنے کے باوجود کرائے کے گھر میں رہنے پر مجبور ہیں۔

بھارتی میڈیا کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں سنجے مشرا نے انکشاف کیا کہ وہ 20 برسوں سے بالی ووڈ میں کام کررہے ہیں لیکن اس کے باوجود آج بھی کرائے کے گھر میں رہنے پر مجبور ہیں اور ان کے پاس اتنے پیسے بھی نہیں ہیں کہ اپنا ذاتی گھر خرید سکیں۔سنجے مشرا نے کہا کہ پچھلے کچھ وقت سے سپورٹنگ اداکاروں کی فیس میں کچھ اضافہ ہوا ہے لیکن اب بھی ہمیں ملنے والا معاوضہ اتنا نہیں کہ ہمارا بہتر گزارا ہوسکے۔

یہ بھی پڑھیں۔۔۔شلپا شیٹھی نے زندگی کی 43بہاریں دیکھ لیں

بھارتی اداکار کا کہنا تھا کہ جب آپ فلم میں ہیرو ہوتے ہیں تو آپ پر سرمایہ کاری کی جاتی ہے اور پیسہ لگایا جاتا ہے پروڈکشن ٹیم کا رویہ بھی بڑے اداکاروں کے ساتھ مختلف ہوتا ہے، جب کہ سپورٹنگ رول کرنےو الے اداکاروں کو کہا جاتا ہے کہ آپ کی وجہ سے فلم بک رہی ہے لیکن زیادہ بڑی وجہ فلم کا ہیرو ہے۔

یہ بھی پڑھیں۔۔۔ناک کی غلط سرجری نے پریانکا سے 7 فلمیں چھینیں

واضح رہے کہ تعلیم یافتہ اداکار سنجے مشرا کی زندگی میں ایک وقت ایسا بھی آیا تھا جب انہوں نے اداکاری کو خیرباد کہہ دیا تھا اور ایک چھوٹے سے ڈھابے پر نوکری کرنی شروع کردی تھی۔ فلم ’گول مال‘، ’دھمال’ اور’دل والے‘ سمیت 100 سے زائد فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھانے والے اداکار سنجے مشرا نے بالی ووڈ میں اپنی منفرد پہچان بنائی ہے۔ تاہم آج بھی وہ نہایت کسمپرسی کی حالت میں زندگی گزار رہے ہیں۔

    نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں