بھکر میں ٹریفک حادثہ، 5 افراد جاں بحق،18 زخمی

بھکر میں ٹریفک حادثہ، 5 افراد جاں بحق،18 زخمی

بھکر: مسافر بس اور ٹریلر میں تصادم کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق بھکر میں ایم ایم روڈ پر فاضل اڈا کے قریب بس اور ٹریک میں تصادم ہوا جس کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق جبکہ 18 زخمی ہوگئے۔ریسکیو ذرائع کے مطابق زخمیوں کو ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کردیا گیا جہاں انہیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔

بس کراچی سے مانسہرہ جا رہی تھی۔دوسری جانب لاہور روڈ پر دو مختلف ٹریفک حادثات میں 2 افراد جاں بحق اور3 زخمی ہوگئے، زخمیوں کو ٹی ایچ کیو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

خیال رہے کہ رواں ہفتے 3 جون کو بلوچستان کے شہر ژوب میں کوئٹہ قومی شاہراہ پر قلعہ سیف اللہ کے قریب ٹرک اور وین میں آپس میں ٹکرا گئی تھی جس کے باعث تیرہ افراد جاں بحق ہوئے تھے۔پولیس کا کہنا تھا کہ حادثے میں جاں بحق ہونے والے 5افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے، مسافر وین کوئٹہ سے ژوب آرہی تھی۔

واضح رہے کہ رواں سال 7 فروری کو خیبرپختونخواہ کے علاقے ضلع کرک میں انڈس ہائی وے پر کار اور مسافر کوچ میں تصادم کے بعد بس میں خوفناک آگ بھڑک اٹھی تھی جس کے نتیجے میں 15 افراد جھلس کر جاں بحق ہوگئے۔