نیوزی لینڈ میں کورونا کی وباءختم،کووڈ 19وائرس سے متاثرہ آخری مریض بھی صحت یاب

نیوزی لینڈ میں کورونا کی وباءختم،کووڈ 19وائرس سے متاثرہ آخری مریض بھی صحت یاب

ولنگٹن : نیوزی لینڈ میں کووڈ 19وائرس سے متاثرہ آخری مریض بھی صحت یاب ہو گیا۔ نیوزی لینڈ کے محکمہ صحت کی جانب سے جاری ایک بیان کے مطابق ملک میں کووڈ19کا آخری ایکٹیو کیس بھی قرنطینہ سے فارغ کر دیا گیا ہے جو کہ نیوزی لینڈ کے لیے ایک سنگ میل ہے۔

نیوزی لینڈ کے محکمہ صحت کے ڈائریکٹر ایشلے بلوم فیلڈ نے کہا ہے کہ یہ سنگ میل اصل میں ایک انتہائی اچھی اطلاع ہے اور نیوزی لینڈ کی ایک شاندار کامیابی ہے جس کے لیے دل سے کوششیں کی گئی تھیں۔

انہوں نے کہا کہ 18فروری کے بعد پہلی بار اب پیر تک ملک میں کورونا کا کوئی ایکٹیو کیس نہیں رہا تاہم اس وائرس سے الرٹ رہنے کے لیے اس کے خلاف احتیاطی کارروائیاں ابھی جاری رہیں گی۔

نیوزی لینڈ میں وائرس کے خلاف سات ہفتے کا سخت لاک ڈاﺅن کیا گیا تھا اس ملک کی50 لاکھ کی آبادی میں کورونا کوووڈ انیس کے 1,154 کیسز سامنے آئے اور 22 اموات ہوئیں۔گزشتہ17روز سے کوئی نیا کیس سامنے نہیں آیا تھا۔