سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کا کورونا ٹیسٹ مثبت آ گیا

سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کا کورونا ٹیسٹ مثبت آ گیا

اسلام آباد: مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی  کورونا  ٹیسٹ مثبت آ گیا ۔مسلم لیگ (ن )کی ترجمان مریم اورنگزیب نے بتایا کہ مسلم لیگ (ن) کے سینئر نائب صدر اور  سابق وزیر اعظم  شاہد خاقان عباسی کورونا وائرس کا شکار ہوگئے۔

انہوں نے کورونا کا ٹیسٹ کرایا جو مثبت آیا ہے، شاہد خاقان عباسی نے خود کو گھر میں قرنطینہ کرلیا ۔پاکستان مسلم لیگ(ن)کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے شاہد خاقان عباسی کے کورونا میں مبتلا ہونے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ شاہد خاقان عباسی پارٹی کا قیمتی سرمایہ ہیں۔

شہباز شریف  نے کہا  کہ شاہد خاقان عباسی ایک ایماندار، اہل اور قوم کا درد رکھنے والے قابل اور وفا شعار انسان ہیں،  کورونا سے متاثرین کی بڑھتی تعداد نے خوفناک شکل اختیار کر لی ہے، اللہ تعالی سے دعا ہے شاہد خاقان عباسی سمیت تمام متاثرہ افراد کو صحت کاملہ عطا فرمائے۔

واضح رہے کہ ملک بھر میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 1 لاکھ 3 ہزار 671 ہوگئی جبکہ 2 ہزار 67 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔