بین الاقوامی پروازیں بحال نہیں کیں، سعودی عرب کی تردید

بین الاقوامی پروازیں بحال نہیں کیں، سعودی عرب کی تردید
کیپشن: متعلقہ ادارے فیصلہ کر لیں گے تو پھر پروازوں کی بحالی کا اعلان کر دیا جائے گا، ائیرپورٹ انتظامیہ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

ریاض: سعودی انتظامیہ نے آج سے بین الاقوامی پروازوں کی بحالی کی خبروں کی تردید کر دی ہے۔ دارالحکومت ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ائیرپورٹ کی انتظامیہ کی جانب سے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ 8 جون سے کنگ خالد ائیرپورٹ کو بین الاقوامی پروازوں کی آمد ورفت کے لیے نہیں کھولا جارہا۔

ریاض ائیر پورٹ کمپنی نے وضاحت کی ہے کہ سوشل میڈیا پر سول ایوی ایشن کے جس خط کی بنیاد پر بین الاقوامی پروازوں کی بحالی کا دعوٰی کیا جارہا ہے وہ صرف سعودی شہریوں کو بیرون ملک سے وطن واپس لانے اور اپنے وطن واپسی کے خواہش مند غیر ملکیوں کے لیے خصوصی  پروازوں سے متعلق ہے۔

کنگ خالد انٹرنیشنل ائیرپورٹ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ جب متعلقہ ادارے فیصلہ کر لیں گے تو پھر معمول کی بین الاقوامی پروازوں کی بحالی کا اعلان کر دیا جائے گا۔

 یاد رہے کہ سعودی حکومت  نے کورونا وائرس کے باعث مملکت میں لاک ڈاؤن کے اعلان کے ساتھ ہی 15 مارچ سے پروازیں معطل کرنے کا اعلان کیا تھا جب کہ اس دوران مختلف ممالک میں پھنسے  سعودی شہریوں کو وطن واپس لانے کے لیے سعودی ائیرلائنز کی جانب سے خصوصی پروازیں چلائی جارہی ہیں اور غیر ملکی شہریوں کو وطن بھیجنے کے لیے بھی خصوصی پروازو ں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔

 خیال رہے کہ سعودی عرب میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ 5 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے جب کہ 746 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔