ٹرین حادثہ کیوں پیش آیا؟وجوہات سامنے آگئیں

ٹرین حادثہ کیوں پیش آیا؟وجوہات سامنے آگئیں
سورس: file

لاہور: ٹرین حادثہ کیوں پیش آیا؟وجوہات سامنے آگئیں۔ رتی اور ڈہرکی کے درمیان اپ ٹریک کی دائیں پٹڑی کا ویلڈنگ کیا گیا جوڑ ٹوٹا۔ ملت ایکسپریس کی 12بوگیاں   ڈی ریل ہوئیں  ،ڈاؤن ٹریک پر کراچی جانیوالی سر سید ایکسپریس   کاانجن اور چار بوگیاں پٹڑی پر گریں ۔

  

نیو نیوز کے مطابق سندھ کے ضلع گھوٹکی کے شہر ڈہرکی کے قریب گزشتہ روز پیش آنے والے ٹرین حادثے کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ تیار کر لی گئی۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ حادثہ اپ ٹریک کی دائیں پٹری کا ویلڈنگ جوائنٹ ٹوٹنے کے سبب پیش آیا۔

اپ ٹریک کی دائیں پٹری کا جوڑ ویلڈنگ سے جڑا ہوا تھا، جو ٹوٹا ہوا پایا گیا۔پٹری کا جوڑ ٹوٹنے سے ملت ایکسپریس کی 12 مسافر کوچز ڈاؤن ٹریک پر گر گئیں۔

ڈاؤن ٹریک پر کراچی جانے والی سرسید ایکسپریس ملت ایکسپریس کی کوچز سے ٹکرا گئی۔حادثے کے نتیجے میں سر سید ایکسپریس کا انجن اور 4 کوچز پٹری سے اتر گئیں۔

تحقیقاتی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ملت ایکسپریس کا انجن اور 6 مسافر کوچز ٹریک پر ہی رہیں، جبکہ سرسید ایکسپریس کی 12 مسافر کوچز ٹریک پر ہی رہیں۔

حادثے کی شکار ٹرینوں کے انجنوں کے بلیک باکس کا ڈیٹا نکالا جا رہا ہے، بلیک باکس سے حاصل ہونے والی معلومات کو وفاقی انسپکٹرز آف ریلویز کی تحقیقات میں شامل کیا جائے گا۔

تحقیقاتی رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ سرسید ایکسپریس راولپنڈی سے کراچی کے لیے جا رہی تھی، جبکہ ملت ایکسپریس کراچی سے سرگودھا جا رہی تھی۔

واضح رہے کہ ضلع گھوٹکی کے شہر ڈہرکی کے قریب گزشتہ روز پیش آنے والے ٹرین حادثے میں جاں بحق افراد کی تعداد 63 ہو چکی ہے، جبکہ سو سے زیادہ زخمی ہوئے ہیں۔