ایف بی آر نے پراپرٹی ڈیلرز کے خلاف بڑے کریک ڈاؤن کا اعلان کردیا

ایف بی آر نے پراپرٹی ڈیلرز کے خلاف بڑے کریک ڈاؤن کا اعلان کردیا

اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر)کے ماتحت ادارے ڈائریکٹریٹ جنرل آف ڈی این ایف بی پیز نے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف )شرائط پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کیلئے ریئل اسٹیٹ ایجنٹس، پراپرٹی ڈیلرز و ڈویلپرز اور بلڈرز کو زبردستی رجسٹرڈ کرنا شروع کردیا ہے۔

اگلے مالی سال 2021-22 کے وفاقی بجٹ کے بعد ایف بی پیز نے رجسٹرڈ نہ ہونے والے ملک بھر کے تمام ریئل اسٹیٹ، ایجنٹس، پراپرٹی ڈیلرز، ڈویلپرز اور بلڈرز کے دفاتر پر چھاپے مارنے کا فیصلہ کیا ہے۔ڈائریکٹر جنرل ڈی این ایف بی پیز نے منگل کو ریئل اسٹیٹ کنسلٹنٹ ایسوسی ایشن، ریئل اسٹیٹ ،پراپرٹی ڈیلرز و ڈویلپرز اینڈ بلڈرز ایسوسی ایشن کے نمائندوں کا اجلاس طلب کرلیا۔

ڈائریکٹریٹ جنرل آف ڈی این ایف بی پیز کے مطابق بجٹ کے بعد رجسٹرڈ نہ ہونے والے ریئل اسٹیٹ ایجنٹس و پراپرٹی ڈیلر، اور ڈویلپرز و بلڈرز ،جیولرز اور چارٹرڈ اکاؤنٹس کے دفاتر کی انسپکشن شروع کی جائے گی۔ایف اے ٹی ایف کی شرائط پر عملدرآمد کیلئے ریئل اسٹیٹ ایجنٹس و پراپرٹی ڈیلر، اور ڈویلپرز و بلڈرز ،جیولرز اور چارٹرڈ اکاؤنٹس کو رجسٹرڈ کیا جائے جس کیلئے ان کو 57 ہزار سے زائد نوٹس جاری کئے گئے تھے۔

ان کو یاد دہانی کے لیے متعدد ریمائنڈر بھی بھجوائے گئے اور نوٹسز بھی جاری کئے گئے ہیں مگر یہ لوگ کمپلائنس نہیں کررہے ہیں۔ اس اقدام کا ٹیکسیشن سے کوئی تعلق نہیں ہے بلکہ سیکٹر کو ریگولیٹ کرنا ہے جسکا بنیادی مقصد منی لانڈرنگ اور ٹیررازم فنانسنگ کی روک تھام ہے۔