پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان کرکٹ سیریز پاکستان میں نشر نہیں ہو گی

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان کرکٹ سیریز پاکستان میں نشر نہیں ہو گی
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ قومی ٹیم اور انگلینڈ کے درمیان ہونے والی کرکٹ سیریز کو پاکستان میں نشر نہیں کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے فواد چوہدری نے بتایا کہ سرکاری ٹی وی نے سٹار اور ایشیا سے کرکٹ کا کنٹریکٹ مانگا ہے لیکن سرکاری ٹی وی کی بھارتی کمپنی کے ساتھ معاہدے کی درخواست کو منظور نہیں کیاگیا ہے کیونکہ ہم کسی بھی بھارتی کمپنی کے ساتھ معاہدہ نہیں کرسکتے۔
ان کا کہنا تھا کہ جنوبی ایشیا کے تمام رائٹس بھارتی کمپنیوں کے پاس ہیں، اس وجہ سے پاکستان انگلینڈ کی کرکٹ سیریز نشر نہیں کی جائے گی البتہ کوشش کریں گے کہ انگلینڈ کرکٹ بورڈ کے ساتھ کوئی بیچ کا راستہ نکالیں کیونکہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور سرکاری ٹی وی کو کرکٹ نشریات کے نہ ہونے پر یقینا نقصان ہوگا۔
واضح رہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان کرکٹ سیریز 8 جولائی سے شروع ہوگی جس میں تین ون ڈے اور تین ٹی 20 میچز شامل ہیں۔