مہاتما گاندھی کی پڑپوتی کو جعلسازی پر سات سال قید کی سزا سنادی گئی

مہاتما گاندھی کی پڑپوتی کو جعلسازی پر سات سال قید کی سزا سنادی گئی
سورس: file photo

جوہانسبرگ ،جنوبی افریقہ کی ایک عدالت نے مہاتما گاندھی کی پڑپوتی کو دھوکہ دہی اور چھ کروڑ  رینڈ کی جعلسازی کے الزام میں سات سال قید کی سزا سنادی ۔

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق رینڈ جنوبی افریقہ کی کرنسی ہے اور بھارتی روپے میں اس مبینہ دھوکہ دہی کی کل رقم تقریباً 32 لاکھ 50 ہزار روپے تک ہے۔

پیر کے روز ڈربن کی ایک عدالت نے 56 سالہ آشیش لتا رامگووبن کو سزا سنائی۔ آشیش لتا پر صنعتکار ایس آر مہاراج کو دھوکہ دینے کا الزام ہے۔

ایس آر مہاراج نے مبینہ طور پر انھیں بھارت سے ایک کھیپ درآمد کرنے اور کسٹم ڈیوٹی کو کلیئر کرنے کے لیے 62 لاکھ رینڈ دیئے ۔ تاہم اصل میں اتنی کسٹم ڈیوٹی تھی ہی نہیں۔ لتا سے یہ وعدہ بھی کیا گیا تھا کہ ان کو منافع کا حصہ دیا جائے گا۔

آشیش لتا انسانی حقوق کے معروف کارکن الہ گاندھی اور مرحوم میوا رامگووند کی بیٹی ہیں۔ الہ گاندھی منی لال گاندھی کی بیٹی ہیں جو مہاتما گاندھی کے چار بیٹوں میں سے دوسرے نمبر پر تھے۔

خبر رساں ادارے کے مطابق یہ کیس 2015 کا ہے۔ جب آشیش لتا کے خلاف مقدمے کی سماعت کا آغاز ہوا تو جنوبی افریقہ کی قومی پراسیکیوشن اتھارٹی (این پی اے) کے بریگیڈیئر ہنگوانی مولود جی نے کہا تھا کہ لتا نے مبینہ طور پر ممکنہ سرمایہ کاروں کو جعلی رسیدیں اور دستاویزات دکھا کر راضی کرنے کی کوشش کرتے ہوئے یہ بتایا کہ لیلن کے تین کنٹینر انڈیا سے آ رہے ہیں۔

پیر کو سماعت کے دوران عدالت کو بتایا گیا کہ آشیش لتا نے اگست 2015 میں ‘نیو افریقہ الائنس فٹ ویئر ڈسٹری بیوٹرز’ کے ڈائریکٹر ایس آر مہاراج سے ملاقات کی تھی۔

مہاراج کی کمپنی کپڑے، لیلن اور جوتے درآمد، تیار اور فروخت کرتی ہے۔ مہاراج کی کمپنی دوسری کمپنیوں کو بھی منافع کی بنیاد پر مالی مدد فراہم کرتی ہے۔

آشیش لتا نے مہاراج کو بتایا تھا کہ انھوں نے ‘جنوبی افریقی ہسپتال گروپ نیٹ کیئر’ کے لیے کپڑے کے تین کنٹینر منگوائے ہیں۔

مقامی میڈیا میں شائع ہونے والی اطلاعات کے مطابق آشیش لتا کے خاندانی پس منظر اور نیٹ کیئر دستاویزات دیکھ کر مہاراج نے اس قرض کے لیے ان سے تحریری معاہدہ کیا تھا۔

تاہم بعد میں جب انھیں دھوکہ دہی کے بارے میں پتا چلا تو انھوں نے آشیش لتا کے خلاف فوجداری کا مقدمہ درج کرایا۔