نیشنل کالج آف آرٹس کو یونیورسٹی کا درجہ دیدیا گیا

نیشنل کالج آف آرٹس کو یونیورسٹی کا درجہ دیدیا گیا
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: نیشنل کالج آف آرٹس (این سی اے) کو 146 برس کے بعد یونیورسٹی کا درجہ دیدیا گیا ہے اور اب یہاں پرنسل کی جگہ وائس چانسلر کی تعیناتی کی جائے گی۔ 

تفصیلات کے مطابق نیشنل کالج آف آرٹس کو یونیورسٹی کا درجہ دینے کیلئے پارلیمنٹ میں نیا ایکٹ منظور کیا گیا ہے جس کے ساتھ ہی یہاں پرنسپل کا عہدہ ختم ہو گیا ہے اور اب 5 سال کی مدت کیلئے وائس چانسلر تعینات کیا جائے گا جس کیلئے سرچ کمیٹی تشکیل دی جائے گی جبکہ بورڈ آف گورنرز، سنڈیکیٹ اور اکیڈمک کونسل کی تشکیل بھی ہو گی۔ 

ذرائع کے مطابق بورڈ آف گورنرز سرچ کمیٹی تشکیل کرنے کا مجاز ہو گا اور اس کی تشکیل کردہ سرچ کمیٹی وائس چانسلر کیلئے امیدواروں کا نام شارٹ لسٹ کرے گی، جسے بورڈ میں پیش کیا جائے گا اور بورڈ کی منظوری کے بعد صدر پاکستان سے وائس چانسلر کی تقرری کی حتمی منظوری لی جائے گی۔ 

ذرائع کا کہنا ہے کہ این سی اے میں یونیورسٹی کے تمام تعلیمی امور کی نگرانی کیلئے اکیڈمک کونسل تشکیل دی جائے گی جبکہ وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی اور چیئرمین ایچ ای سی بورڈ آف گورنرز کے ممبران ہوں گے، این سی اے کی سنڈیکیٹ کا چیئرمین وائس چانسلر ہوگاجبکہ یونیورسٹی کے تمام ڈینز اور تین اساتذہ بطور ممبر منتخب ہوں گے۔