گرمی کی شدت میں اضافے کیساتھ ہی بجلی کی طلب میں بھی اضافہ

گرمی کی شدت میں اضافے کیساتھ ہی بجلی کی طلب میں بھی اضافہ
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: ملک بھر میں گرمی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ہی بجلی کی طلب میں بھی اضافہ ہو گیا ہے اور صرف لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) ریجن میں بجلی کی طلب 4 ہزار 600 میگا واٹ سے تجاوز کر گئی ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق نیشنل پاور کنسٹرکشن کارپوریشن (این پی سی سی) کی جانب سے لیسکو کو 4 ہزار 150 میگا واٹ بجلی فراہم کی جا رہی ہے اور یوں اسے 450 میگاواٹ کے شارٹ فال کا سامنا ہے جبکہ سسٹم پر لوڈ میں اضافے سے فنی خرابیوں اور ٹرانسفارمر خراب ہونے کی شکایات میں بھی اضافہ ہو گیا ہے۔ 
نجی ٹی وی کے مطابق لیسکو کے ڈسٹری بیوشن ٹرانسفارمر اوور لوڈ ہونے کے باعث مسائل کا سامنا ہے اور اس صورتحال کے باعث شہر کے مختلف علاقوں میں بجلی کی آنکھ مچولی کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث گرمی سے ستائے شہری مزید پریشانی میں مبتلا ہو گئے ہیں۔ 
تکنیکی خرابیوں کے باعث شہری گھنٹوں بجلی سے محروم رہنے لگے جبکہ طلب اور رسد کا فرق بڑھنے سے دیہی علاقوں میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے اور ہائی لاسز فیڈرز پر شیڈول کے مطابق 5 سے 6 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے۔