پہلی مرتبہ کراچی کو 200 میگاواٹ اضافی بجلی فراہم کی جا رہی ہے: حماد اظہر

پہلی مرتبہ کراچی کو 200 میگاواٹ اضافی بجلی فراہم کی جا رہی ہے: حماد اظہر
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

اسلام آباد: وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر نے کہا ہے کہ پہلی مرتبہ کراچی کو 200 میگاواٹ اضافی بجلی فراہم کی جا رہی ہے جس کے باعث شہر میں لوڈشیڈنگ میں بھی کمی واقع ہوئی ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر نے کہا کہ بجلی کے معاملات پر ارکان اسمبلی سے گزشتہ ہفتے ملاقات ہوئی ہے۔ انہوں نے قومی اسمبلی اجلاس کے دوران خطاب میں بتایا کہ پہلی مرتبہ کراچی کو 200 میگاواٹ اضافی بجلی فراہم کی جارہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس وقت کراچی کو 550 میگاواٹ بجلی فراہم کی جارہی ہے اور اضافی بجلی کی فراہمی سے کراچی میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ میں کمی واقع ہوئی ہے، بجلی کے معاملات پر ارکان اسمبلی سے گزشتہ ہفتے ملاقات ہوئی جس دوران یہ بات سامنے آئی کہ کچھ علاقوں میں 80 فیصد تک بلوں میں ادائیگی نہیں کی جاتی۔
حماد اظہر کا کہنا تھا کہ بجلی چوری والے علاقوں میں بھی بجلی کی لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے اور اب ایسے علاقوں میں اے بی سی بچھانے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔