پاکستان میں گدھوں کی تعداد میں ایک لاکھ اضافہ

پاکستان میں گدھوں کی تعداد میں ایک لاکھ اضافہ
سورس: file

اسلام آباد : ملک بھر میں گدھوں کی تعداد مزید ایک لاکھ  کا اضافہ ہوگیا ہے۔ اقتصادی سروے کے مطابق پاکستان میں گزشتہ سال ستاون لاکھ گدھے تھے جو اب بڑھ کر اٹھاون لاکھ ہو  گئے ہیں۔ 

اقتصادی سروے میں مزید بتایا گیا ہے کہ  پاکستان کی فی کس آمدنی موجودہ مالی سال میں 11.2 فیصد کمی کے بعد 1568 ڈالر تک گر گئی ہے یہ گذشتہ مالی سال میں 1765 ڈالر تھی۔ ملک میں فی کس آمدنی میں کمی کی وجہ روپے کی قدر میں کمی، ملکی معاشی ترقی میں کمی ہے۔

پاکستان کی معاشی ترقی موجودہ مالی سال میں 0.29 فیصد رہی جو گذشتہ مالی سال میں 6.1 فیصد رہی۔ موجودہ مالی سال زرعی شعبے میں ترقی 1.55 فیصد رہی جو گذشتہ مالی سال 4.27 فیصد رہی۔

صنعتی شعبے کی ترقی موجودہ مالی سال میں منفی 2.94 رہی جو گذشتہ مالی سال میں 6.83 فیصد رہی۔ موجودہ مالی سال میں خدمات کے شعبے میں 0.86 فیصد رہی جو گذشتہ مالی سال میں 6.19 فیصد تھی۔

اکنامک سروے کے مطابق مینوفیکچرنگ کے شعبے میں ترقی منفی 3.91 فیصد رہی جو گذشتہ مالی سال میں 10.86 فیصد تھی۔ تعمیراتی شعبے میں میں گروتھ 5.53 فیصد منفی رہی جو گذشتہ مالی سال میں میں 1.90 فیصد سے بڑھی تھی۔

سروے رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایک سال میں بھینسوں کی تعداد میں 13 لاکھ کا اضافہ ہوا جس کے بعد ملک میں بھینسوں کی تعداد 4 کروڑ37 لاکھ سے 4 کروڑ 50 لاکھ ہو گئی ہے۔

  

اقتصادی سروے میں بتایا گیا ہے کہ ایک سال میں بھیڑوں کی تعداد میں 4 لاکھ کا اضافہ ہوا، اضافے کے بعد ملک میں بھیڑوں کی تعداد 3 کروڑ 23 لاکھ ہو گئی ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ملک میں بکریوں کی تعداد میں بھی 22 لاکھ کا اضافہ ہوا، ملک میں بکریوں کی تعداد 8 کروڑ 25 لاکھ سے 8 کروڑ 47 لاکھ ہو گئی ہے۔

اقتصادی سروے کے مطابق ملک میں گھوڑوں، اونٹوں اور خچروں کی تعداد میں کوئی اضافہ نہیں ہوا، گھوڑوں کی تعداد 4 لاکھ اور خچروں کی تعداد 2 لاکھ برقرار رہی جبکہ ملک میں اونٹوں کی تعداد 11 لاکھ پر برقرار رہی۔

مصنف کے بارے میں