کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ملتان سلطانز کیخلاف 2 وکٹوں سے فتح

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ملتان سلطانز کیخلاف 2 وکٹوں سے فتح

دبئی: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 17ویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد ملتان سلطانز کو 2 وکٹوں سے شکست دے دی۔
تفصیلات کے مطابق دبئی میں کھیلے گئے میچ میں ملتان سلطانز نے کپتان شعیب ملک کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں 152 رنز بنائے جس کے جواب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے مطلوبہ ہدف ایک گیند قبل 8 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔
کوئٹہ کی جانب سے اسد شفیق اور شین واٹسن نے اننگز کا آغاز کیا اور ٹیم کو 48 رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا لیکن دونوں کھلاڑی بالترتیب 20 اور 26 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد عمر گل کا شکار بنے۔کیون پیٹرسن 5 رنز کے مہمان ثابت ہوئے، انہیں شعیب ملک نے آو¿ٹ کیا۔ جب کہ ریلی روسوو اور رمیز راجہ جونیر نے چوتھی وکٹ کے لیے 28 رنز کی شراکت قائم کی لیکن دونوں بالترتیب 27 اور 22 رنز بناکر آو¿ٹ ہوئے۔
آخری لمحات میں انور علی اور محمد نواز نے عمدہ کھیل پیش کیا لیکن وہ دونوں ہی 19ویں اوور میں عمر گل کا شکار بن گئے۔ آخری اوور میں کوئٹہ کو جیت کے لیے 9 رنز درکار تھے جب کہ ملتان کی جانب سے پولارڈ بولنگ کے لیے آئے اور انہوں نے 4 گیندوں تک بلے بازوں کو کھل کر کھیلنے کا موقع نہیں دیا البتہ پانچویں گیند پر حسن خان نے شاندار چھکا لگاکر ٹیم کو فتح دلوائی۔
اس سے قبل کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ ملتان سلطانز کی جانب سے احمد شہزاد اور کماراسنگاکارا نے اننگز کا آغاز کیا۔ محمد نواز نے پہلی ہی گیند پر سنگاکارا کو پویلین واپس بھیج دیا۔دوسرے ہی اوور میں انور علی نے احمد شہزاد کو پانچویں گیند پر ایک رنز پر آو¿ٹ کرکے مخالف ٹیم کی مشکلات میں اضافہ کیا لیکن اس کے بعد پچھلے میچ میں دھواں دار اننگز کھیلنے والے صہیب مقصود اور سہیل تنویر نے 38 رنز کی شراکت قائم کی۔سہیل تنویر 19 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد شین واٹسن کا شکار بنے لیکن صہیب مقصود نے اپنی اننگز کو جاری رکھا اور کپتان شعیب ملک کے ساتھ ملکر 40 رنز کی شراکت قائم کی اس دوران صہیب بین لافلین کی گیند پر آو¿ٹ ہوئے، وہ 27 رنز بناکر پویلین لوٹے۔
شعیب ملک اور روس وائیٹلی نے اننگز کو مزید آگے بڑھایا لیکن 119 رنز کے مجموعی اسکور پر وائیٹلی 16 رنز بناکر راحت علی کا شکار بنے لیکن ملک نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے آخری لمحات تک وکٹ پر موجود رہے اور ٹیم کو بڑا اسکور دینے میں کامیاب رہے۔ انہوں نے 43 گیندوں پر 65 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔