ن لیگ کی حکومت نے دن رات کام کر کے ملک کو بحرانوں سے نکالا: وزیراعظم

ن لیگ کی حکومت نے دن رات کام کر کے ملک کو بحرانوں سے نکالا: وزیراعظم

کرک: وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن کی حکومت نے دن رات کام کر کے ملک کو بحرانوں سے نکالا۔

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کرک میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کسی نے ان معاملات کو سدھارنے کیلئے نہیں سوچا، یہ سب کام پچھلی حکومتیں بھی کرسکتی تھیں۔ آج پاکستان اضافی بجلی پیدا کر رہا ہے، یہاں پیدا ہونے والی گیس کا زیادہ حصہ ضائع ہو رہا تھا، ماضی کی حکومتیں بھی منصوبے کو مکمل کر سکتی تھیں، مگر توجہ نہیں دی گئی۔

ابھی سردیاں گزری ہیں، گیس لوڈشیڈنگ کی شکایات بہت کم ملیں، یہ نوازشریف کا وژن تھا جسے پورا کیا جارہا ہے۔ لائن لاسز والے علاقوں میں مجبوراً لوڈشیڈنگ کرنا پڑتی ہے، سارے کام رکے ہوئے تھے، آج صورتحال بہتر ہے، ملک میں 16 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ ہوتی تھی۔ عوام ہماری اور ہم سے پہلے کی حکومتوں کی کارگردگی سے آگاہ ہیں۔

او جی ڈی سی ایل نے کے پی سمیت پاکستان کے مسائل کے حل میں کردار ادا کیا۔ منصوبے سے پیدا ہونے والی گیس کی مالیت سالانہ 7 ارب روپے ہے، تیل و گیس منصوبے پر 20 ارب روپے لاگت آئی ہے۔