کالعدم جماعتوں کے حامی وزرا کو پارٹی سے نکالا جائے، بلاول بھٹو  کا مطالبہ

 کالعدم جماعتوں کے حامی وزرا کو پارٹی سے نکالا جائے، بلاول بھٹو  کا مطالبہ
کیپشن: فوٹو فائل

اسلام آباد:  بلاول بھٹو  نے وزیر اعظم عمران خان سے مطالبہ کیا ہے کہ کالعدم جماعتوں کے حامی وزرا کو پارٹی اور حکومت سے نکالا جائے۔

تفصیلات کے مطابق ، اسلام آباد میں بی بی سی اردو کو انٹرویو میں  پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ اگر نیشنل ایکشن پلان پر بروقت عمل کیا گیا ہوتا تو دنیا میں پاکستان کی پوزیشن آج مختلف ہوتی ۔ بھارت کے پاس پاکستان پر انتہاپسندی کے الزامات لگانے کا جواز بھی نہ ہوتا جبکہ ہمارے پاس دنیا کو دکھانے کے لیے  کارروائی کے ثبوت ہوتے۔

کالعدم تنظیموں کے خلاف نئے کریک ڈاؤن سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں  نے کہا کہ امید ہے اس بار یہ کریک ڈاؤن صحیح معنوں میں ہوگا اور نیشنل ایکشن پلان پر مسلسل عمل ہونا چاہیے جس پر نظر رکھنے کے لیے قومی سلامتی کی پارلیمانی کمیٹی کو فوری فعال کرنا چاہیے۔

بلاول نے کہا کہ  حکومت کی ان کوششوں پر تھوڑا شک ہے کیونکہ تحریک انصاف نے الیکشن انہی کالعدم جماعتوں کے تعاون سے لڑا ہے، تاہم اگر حکومت واقعی سنجیدہ ہے تو اسے اپنی جماعت سے ایسے وزیروں کو باہر کرنا ہوگا جو ان کالعدم جماعتوں کی حمایت کرتے ہیں، امید ہے کہ اس بار وزیراعظم عمران خان ایسے عناصر کا مقابلہ کرنے کے اپنے بیان پر قائم رہیں گے۔

پشتون تحفظ موومنٹ سے متعلق سوال کے جواب میں بلاول نے کہا کہ اگر پی ٹی ایم لاپتہ افراد کی بازیابی، انسانی حقوق، قانون کی بالا دستی اور پارلیمان کے حاکمیت کی بات کر رہی ہے تو انھیں نظر انداز نہیں کیا جا سکتا، کچھ لوگ اسے شک کی نگاہ سے دیکھ رہے ہیں، لیکن میں اس نوجوان قیادت کو امید کی نظر سے دیکھتا ہوں۔