اچھی پرفارمنس سے مداحوں کی توقعات پر پورا اترنے کیلئے کوشاں ہوں،فخر زمان

اچھی پرفارمنس سے مداحوں کی توقعات پر پورا اترنے کیلئے کوشاں ہوں،فخر زمان

لاہور:قومی کرکٹ ٹیم کے اوپنر بلے باز فخر زمان نے کہا ہے کہ اچھی پرفارمنس سے مداحوں کی توقعات پر پورا اترنے کیلئے کوشاں ہوں،ہرمیچ میں پرفارمنس کا تسلسل برقرار رکھنا اوپنرز کےلئے بہت چیلنجنگ کام ہے،یقین ہے جلد ایک بڑی اننگز کھیلنے میں کامیاب ہوجاؤں گا۔ قومی ٹیم کے اوپنر فخر زمان نے کہ کہ اچھی پرفارمنس سے مداحوں کی توقعات پر پورا اترنے کیلئے کوشاں ہوں۔

انہوں نے کہا کہ پہلی گیند سے ہارڈ ہٹنگ آسان نہیں، جلد وکٹ گرنے سے دباؤ بڑھ جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ لاہور قلندرز ناراض شائقین کے چہروں پر خوشیاں لانے کی کوشش کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہوم کراؤڈ کے سامنے عمدہ پرفارم کرنا ہر کرکٹر کا مقصد ہوتا ہے، کھیل میں بعض اوقات پوری کوشش کے باوجود کارکردگی اچھی نہیں رہتی۔

فخر زمان نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ جلد ایک بڑی اننگز کھیلنے میں کامیاب ہوجاؤں گا۔انہوں نے کہا کہ اوپنرز کے لیے پہلی گیند سے ہارڈہٹنگ کرنا آسان نہیں ہوتا، ایسے میں کبھی کبھار جلد وکٹ گرنے سے اضافی دباؤ بھی برداشت کرنا پڑتا ہے، میرا کام محنت کرنا اور ہر میچ میں سوفیصد کارکردگی دکھانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اوپنر کی ذمہ داری نبھانا بہت مشکل ہوتا ہے، ہرمیچ میں پرفارمنس کا تسلسل برقرار رکھنا دوسروں کی بانسبت اوپنرز کے لیے بہت چیلنجنگ کام ہے۔فخر زمان نے پی ایس ایل کے تمام 34 میچز پاکستان میں ہونے کو بہت اہم کامیابی قرار دیا، انہوں نے کہا کہ گذشتہ سیزن میں لاہور قلندرز کی کپتانی کرنے کا تجربہ بہت اچھا رہا تھا، اس سے مجھے بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملا، اس سطح پر قیادت میرے لیے اعزاز کی بات تھی۔

انہوں نے اے بی ڈی ویلیئرز اور ایڈم گلکرسٹ کو اپنا آئیڈیل قرار دیتے ہوئے ان جیسا کھیل پیش کرنے کا عزم ظاہر کیا۔ انھوں نے کہا کہ انٹرنیشنل کرکٹ میں موجود تمام فاسٹ باؤلرز ہی زبردست ہیں،البتہ مجھے بمرا اور آرچرکا سامنا کرنے میں لطف آتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کے پی میں بھی پی ایس ایل میچز کرانے کی ضرورت ہے، پشاور اورگرد ونواح سے بہت ٹیلنٹ سامنے آ رہا ہے، پی سی بی کو وہاں کرکٹ سہولیات کی فراہمی پر توجہ دینا چاہیے۔