جڑواں شہروں میں پولیس پر 12 گھنٹے میں دو حملے ، 2 پولیس اہلکار شہید ، 2 زخمی

جڑواں شہروں میں پولیس پر 12 گھنٹے میں دو حملے ، 2 پولیس اہلکار شہید ، 2 زخمی
کیپشن: جڑواں شہروں میں پولیس پر 12 گھنٹے میں دو حملے ، 2 پولیس اہلکار شہید ، 2 زخمی
سورس: file

اسلام آباد: جڑواں شہروں میں 12 گھنٹے کے دوران پولیس پر دو حملے ہوئے ہیں ۔راولپنڈی میں ہونے والے حملے میں ایس ایچ او ریس کورس میاں عمران عباس شہید ہوئے جبکہ  اسلام آباد میں  تھانہ گولڑہ کے علاقے میں کنٹینر چوک  پر فائرنگ  سے ہیڈ کانسٹیبل قاسم  شہید , دو اہلکار زخمی ہوگئے .

 پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ سیکٹر جی 13 میں پیش آیا  جہاں پرپولیس نے دوموٹرسائیکل سواروں کو روکا تو انہوں نے اچانک پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کردی ۔ جس سے  سب انسپکٹر جمیل، ہیڈ کانسٹیبل قاسم اور کانسٹیبل قیصر زخمی ہوئے  تاہم ہیڈ کانسٹیبل قاسم زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہو گئے۔شہیدپولیس اہلکار قاسم کا تعلق خوشاب سے تھا۔شہید کی نماز جنازہ ادا کرکے میت کو آبائی علاقے روانہ کردیا گیا ہے۔

آئی جی اسلام آباد  قاضی  جمیل الرحمان نے جائے وقوعہ  اور پمز اسپتال کا دورہ کیا۔زخمیوں کی عیادت کی ۔وقوعہ میں ملوث ملزمان کو جلد گرفتار کرنے کی ہدایت  کردی۔ملزموں کی گرفتاری کیلئے پولیس کا سرچ آپریشن جاری ہے۔

گزشتہ رات راولپنڈی میں بھی  کچہری کے قریب فائرنگ سے ایس ایچ او تھانہ ریس کورس میاں عمران شہید ہوگئےتھے۔ میاں عمران اہل خانہ کے ساتھ گاڑی میں گھر سے نکلے تو نامعلوم حملہ آوروں نے فائرنگ کردی ۔حملہ آوروں کی فائرنگ سے ایس ایچ او میاں عمران شہید ہوگئے ۔ فائرنگ کے بعد ملزم فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ۔

راولپنڈی پولیس کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ایس ایچ او میاں عمران کو ٹارگٹ کر کے شہید کیا گیا۔ میاں عمران کی شہادت سے پولیس فورس ایک دلیر اور بہادر افسر سے محروم ہوگئی۔ملزموں کی گرفتاری کے لیے ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔

راول پنڈی پولیس کے بہترین افسر انسپکٹر عمران عباس دہشتگردوں کی گولیوں کا نشانہ بن کر والد کے نقش قدم پر چلے ہیں ان کے والد کو بھی شہید کردیا گیا تھا ۔پولیس کے مطابق خطرات کےباوجود میاں عمران عباس نے جرائم پیشہ افراد کا ہمیشہ ڈٹ کر مقابلہ کیا۔مظلوم کا ساتھ دیا اور ظالم سے ٹکراگیا ۔اہلیہ اور بچوں نےکہا فورس چھوڑ دیں لیکن انکار کردیا تھا۔