خواتین کی شمولیت کے بغیر کوئی معاشرہ مکمل نہیں: فردوس عاشق اعوان

خواتین کی شمولیت کے بغیر کوئی معاشرہ مکمل نہیں: فردوس عاشق اعوان
کیپشن: خواتین کی شمولیت کے بغیر کوئی معاشرہ مکمل نہیں: فردوس عاشق اعوان
سورس: file

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت حقوق نسواں کے تحفظ اور عملی زندگی میں خواتین کو یکساں مواقع فراہم کرنے کیلئے اہم اقدامات اٹھارہی ہے۔

خواتین کے عالمی دن کے موقع پر اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ  خواتین کی شمولیت کے بغیر کوئی بھی معاشرہ نامکمل ہے۔ کہنے کو صنف نازک مگر ہر بہادر ماں، بہن، بیوی، بیٹی کو میرا سلام۔

فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ کسی بھی معاشرے کی بہتری و ترقی میں خواتین کی اہمیت اور انکی محنت سے انکار نہیں کیا جاسکتا۔ خواتین کی لازوال قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرنے، معاشرے میں انکا جائز مقام اور حقوق دلوانے کیلئے آج خواتین کا عالمی دن منایا جارہا ہے۔

واضح رہے کہ آج سے 113 سال پہلے  1908ء میں 15000ہزار محنت کش خواتین نے تنخواہوں میں اضافے، ووٹ کے حق اور کام کے طویل اوقات کار کے خلاف نیویارک شہر میں احتجاج کیا اور اپنے حقوق کے حصول کے لیے آواز بلند کی۔ 1909ء میں امریکہ کی سوشلسٹ پارٹی کی طرف سے پہلی بار عورتوں کا قومی دن 28فروری کو منایا گیا۔

نیو یارک میں کپڑا بنانے والی ایک فیکٹری میں مسلسل دس گھنٹے کام کرنے والی خواتین نے اپنے کام کے اوقات کار میں کمی اور اجرت میں اضافے کیلئے آواز اٹھائی تو ان پر پولیس نے نہ صرف وحشیانہ تشدد کیا بلکہ ان خواتین کو گھوڑوں سے باندھ کر سڑکوں پرگھسیٹا گیا تاہم اس تشدد کے بعد بھی خواتین نے جبری مشقت کے خلاف تحریک جاری رکھی۔

خواتین کی مسلسل جدوجہد اور لازوال قربانیوں کے نتیجے میں 1910 میں کوپن ہیگن میں خواتین کی پہلی عالمی کانفرنس ہوئی، جس میں 17 سے زائد ممالک کی سو کے قریب خواتین نے شرکت کی۔

اس کانفرنس میں عورتوں پر ہونے والے ظلم واستحصال کا عالمی دن منانے کا فیصلہ کیا گیا۔ اقوام متحدہ نے 1956 میں 8 مارچ کو عورتوں کے عالمی دن کے طور پر منانے کا فیصلہ کیا۔

 آج دنیا بھرمیں کانفرنسوں اورورکشاپس کا انعقاد کیا جا رہا ہے  جن میں خواتین کو مساوی حقوق دینے کا اعادہ کیا جائے گا۔