گپٹل کا لاٹھی چارج ، آخری ٹی ٹوئنٹی میں نیوزی لینڈ کی فتح، آسٹریلیا سیریز بھی ہار گیا

گپٹل کا لاٹھی چارج ، آخری ٹی ٹوئنٹی میں نیوزی لینڈ کی فتح، آسٹریلیا سیریز بھی ہار گیا
کیپشن: گپٹل کا لاٹھی چارج ، آخری ٹی ٹوئنٹی میں نیوزی لینڈ کی فتح، آسٹریلیا سیریز بھی ہار گیا
سورس: file

ویلنگٹن: نیوزی لینڈ نے آسٹریلیا کو ٹی ٹوئنٹی سیریز میں شکست دے دی۔  ولنگٹن میں کھیلے جانے والا آخری میچ  7 وکٹوں سے جیت کر سیریز بھی اپنے نام کر لی۔ویلنگٹن میں کھیلے گئے آخری ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں آسٹریلیا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 142 رنز بنائے۔

کینگروز کی جانب سے میتھیو ویڈ 44 اور ایرون فنچ 36 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔نیوزی لینڈ نے آسٹریلیا کی جانب سے دیا گیا ہدف 16ویں اوور میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

مارٹن گپٹل نے 46 گیندوں پر 4 چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے 71 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیلی جب کہ ڈیون کونوے 36 اور گلین فلپس 34 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

نیوزی لینڈ کے مارٹن گپٹل میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے جب کہ نیوزی لینڈ کے ہی اش سوڈھی کو سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ 

22 فروری سے شروع ہونے والی سیریز کا پہلا میچ جو کرائسٹ چرچ میں کھیلا گیا تھا اس میں میزبان ٹیم نیوزی لینڈ نے 53 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی ۔ ڈنیڈن میں 25 فروری کو ہونے والے میچ میں بھی فتح نیوزی لینڈ کے حصے میں آئی تھی اور دلچسپ مقابلے کے بعد آسٹریلیا 4 رنز سے ہار گیا تھا۔ 

سیریز کے اگلے دونوں میچ مہمان ٹیم آسٹریلیا نے جیتے ۔ تین مارچ کو ولنگٹن میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلیا نے نیوزی لینڈ کو 64 رنز سے مات دی جبکہ 5 مارچ کو ولنگٹن میں ہی کھیلے جانے والے میچ میں آسٹریلیا کو 50 رنز سے فتح ملی۔ آخری میچ نیوزی لنڈ نے 7 وکٹوں سے جیتا۔ اس طرح  نیوزی لینڈ نے 5 میچز کی سیریز 2-3 سے اپنے نام کی۔