پی ڈی ایم لانگ مارچ 30 مارچ کو اسلام آباد پہنچے گا،حکومت کے خاتمے تک دھرنا ہوگا

پی ڈی ایم لانگ مارچ 30 مارچ کو اسلام آباد پہنچے گا،حکومت کے خاتمے تک دھرنا ہوگا
کیپشن: پی ڈی ایم لانگ مارچ 30 مارچ کو اسلام آباد پہنچے گا،حکومت کے خاتمے تک دھرنا ہوگا
سورس: file

اسلام آباد: پی ڈی ایم کا سربراہی اجلاس مولانا فضل الرحمن کی زیر صدارت اسلام آباد میں ہوا۔اجلاس میں لانگ مارچ کمیٹی کی سفارشات پیش کردی گئیں۔سفارشات میں کہا گیا ہے   لانگ مارچ 26 مارچ کو کراچی سے ایک عوامی اجتماع کے ساتھ شروع ہوگا۔

 کمیٹی کے مطابق تمام جلوس  30 مارچ کی سہ پہر 3 بجے تک اسلام آباد پہنچیں گے۔ تمام جماعتیں زیادہ سے زیادہ افراد کو لانے کیلئے  متحرک ہوں۔ شرکاء کے استقبال کیلئے فیض آباد میں مرکزی کیمپ لگایا جائے گا۔روات چوک، 26 نمبر چونگی ، کوکا کولا فیکٹری اوربارہ کہو میں کیمپ لگایا جائے گا۔

سفارشات کے مطابق  تمام جماعتیں اپنے جلوسوں کو الگ، الگ سے منظم کریں گی۔تمام جماعتیں اپنے اخراجات برداشت کریں گی۔ پی ڈی ایم کی سینئر قیادت کو فوری طور پر چاروں صوبوں کا دورہ کرنا چاہئے۔لانگ مارچ کے لئے لوگوں کو متحرک کرنے کے لئے ایک مشترکہ نظم تیار کی جائے۔

لانگ مارچ کے لئے مختلف کمیٹیاں فوری طور پر تشکیل دی جائیں ۔مختلف کمیٹیوں میں کنٹرول روم، میڈیا اور تشہیر کمیٹی،استقبالیہ کمیٹی شامل  ہیں ۔سیکیورٹی کمیٹی، سہولیات کمیٹی، لیگل کمیٹی، فنانس کمیٹی،پروگرام کمیٹی، فوڈ کمیٹی، میڈیکل کمیٹی بھی بنائی جائے۔ دھرنے کے مقام پر شرکاء کے پہنچنے سے قبل انتظامات کیے جائیں۔ دھرنا اس وقت تک جاری رہے گا جب تک کہ مقصد حاصل نہیں ہوتا ہے۔ تاجروں ، کسانوں اور مزدور یونینوں سے رابطہ کیا جائے اور انہیں مکمل طور پر متحرک کیا جائے۔