کورونا وائرس نے پی ایس ایل کے بعد پی سی بی کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا

کورونا وائرس نے پی ایس ایل کے بعد پی سی بی کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا
سورس:   فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

 لاہور:عالمگیر موذی وباء کورونا وائرس نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے جہاں اعلیٰ حکام میں وائرس کی نشاندہی کے بعد دفاتر فوری طور پر بند کر دئیے گئے۔ 

تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کے ایک اعلیٰ حکام میں وائرس کی نشاندہی ہو گئی جس کے بعد احتیاطاً لاہور میں پی سی بی کے دفاتر فوری طورپر بند کردیئے گئے ہیں اور عملے کو رواں ہفتے تک گھروں سے کام کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق جس شخص کی کوویڈ رپورٹ مثبت آئی ہے،وہ ایک  بااثر شخصیت ہے تاہم اس کا نام ابھی تک سامنے نہیں آ سکا جبکہ بورڈ نے ملازمین کو ہدایت کی ہے کہ وہ کوویڈ ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد یقینی بنائیں تاکہ یہ وائرس مزید نہ پھیلے۔ 

واضح رہے کہ چند روز قبل کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے باعث پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چھٹے ایڈیشن کو ملتوی کرنا پڑا  جس پر شائقین کرکٹ اور ماہرین کرکٹ کیساتھ ساتھ سابق کرکٹرز نے بھی خاصے غم و غصے کا اظہار کیا۔ 

پی سی بی نے اس معاملے کی تحقیقات کیلئے آزادانہ تحقیقاتی کمیشن بنانے کا فیصلہ بھی کیا ہے جس کا جلد ہی اعلان کر دیا جائے گا تاکہ پی سی بی کے میڈیکل پینل کے سربراہ ڈاکٹر سہیل سلیم بھی اپنے عہدے سے مستعفی ہو چکے ہیں۔