پی ٹی آئی نے دفعہ 144 کے نفاذ کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا

پی ٹی آئی نے دفعہ 144 کے نفاذ کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا

لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے دفعہ 144 کے نفاذ اور ریلی نکالنے سے روکنے کے خلاف لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما حماد اظہر کی جانب سے لاہور ہائیکورٹ میں دائر کی گئی درخواست میں دفعہ 144 کے نفاذ کو چیلنج کیا گیا ہے۔
قبل ازیں پی ٹی آئی نے آج لاہور میں پولیس تشدد کے بعد انتخابی ریلی ملتوی کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کارکنوں کو گھر جانے کی ہدایت کر دی تھی۔ 
پی ٹی آئی رہنما حماد اظہر کا کہنا تھا کہ ہماری ریلی کو غیر قانونی طریقے سے روکا گیا، کسی قسم کاخون خرابہ نہیں چاہتے ہیں، آج عمران خان کی ریلی نکلنے سے پہلے دفعہ 144 لگائی گئی، پی ٹی آئی کی ریلی پر غیرآئینی پابندی لگائی گئی۔
واضح رہے کہ پولیس کی جانب سے دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر پی ٹی آئی کارکنان کی گرفتاریاں شروع کر دی گئی تھیں اور راستوں کو بھی بند کیا جا رہا تھا۔
آج صبح ہی صوبائی دارالحکومت میں ایک ہفتے کیلئے جلسے جلوسوں پر پابندی عائد کردی گئی تھی، محکمہ داخلہ نے پابندی دفعہ 144 کے تحت لگائی گئی جس کے باعث لاہور میں احتجاج، دھرنے اور مظاہروں پر بھی پابندی عائد کی گئی تھی۔

مصنف کے بارے میں