جیسن روئے کی شاندار سنچری، زلمی کو 8 وکٹوں سے ناقابل یقین شکست

جیسن روئے کی شاندار سنچری، زلمی کو 8 وکٹوں سے ناقابل یقین شکست

راولپنڈی: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 8 کے 25 ویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے انتہائی دلچسپ مقابلے کے بعد جیسن روئے کی شاندار سنچری کی بدولت پشاور زلمی کو 8 وکٹوں سے شکست دیدی ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق پنڈی کلب گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں پشاور زلمی نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 240 رنز کا پہاڑ کھڑا کر دیا۔ کپتان بابراعظم اور صائم ایوب حریف باؤلرز پر قہر بن کر ٹوٹے اور چھکے چوکوں کی برسات کر ڈالی۔ 
پشاور زلمی کے کپتان بابراعظم نے 65 گیندوں پر 3 چھکوں اور 15 چوکوں کی مدد سے 115 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ صائم ایوب نے انتہائی شاندار اور جارحانہ بلے بازی کرتے ہوئے صرف 34 گیندوں پر 5 فلک شگاف چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 74 رنز بنائے۔ اس کے علاوہ روومین پاول نے 35 رنز کی اننگز کھیلی۔ 
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے محمد حسنین سب سے مہنگے باؤلر ثابت ہوئے جنہوں نے 4 اوورز میں 57 رنز دئیے اور کوئی وکٹ حاصل نہ کر سکے جبکہ واحد وکٹ ڈوین پریٹوریس نے حاصل کی۔ 
ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے جیسن روئے میدان میں آئے تو شاندار سنچری سکور کر کے اپنی ٹیم کو ناقابل یقین جیت دلا کر ہی واپس گئے۔ انہوں نے 63 گیندوں پر 20 چوکوں اور 5 چھکوں کی مدد سے 145 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جبکہ مارٹن گپٹل 21، ول سمیڈ 26 اور محمد حفیظ 41 رنز بنا سکے۔ 
پشاور زلمی کی جانب سے وہاب ریاض سب سے کامیاب باؤلر ثابت ہوئے جنہوں نے 4 اوورز میں 56 رنز کے عوض 1 کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ مجیب الرحمن نے بھی ایک وکٹ حاصل کی۔ 
واضح رہے کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی قیادت محمد نواز نے کی جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں مارٹن گپٹل، جیسن روئے، ویل سمیڈ، افتخار احمد، محمد حفیظ، عمر اکمل، ڈوین پریٹوریس، محمد حسنین، نسیم شاہ اور ایمل خان شامل تھے۔ 
پشاور زلمی کی قیادت بابراعظم نے کی جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں صائم ایوب، محمد حارث، ٹام کوہلر کیڈمور، روومین پاول، حسیب اللہ خان، عامر جمال، وہاب ریاض، مجیب الرحمن، عظمت اللہ عمرزئی اور ارشد اقبال شامل تھے۔ 

مصنف کے بارے میں