پارٹی فنڈنگ کیس میں پی ٹی آئی کا مؤقف مسترد

پارٹی فنڈنگ کیس میں پی ٹی آئی کا مؤقف مسترد

اسلام آباد: الیکشن کمیشن میں پی ٹی آئی پارٹی فنڈنگ اور عمران خان کیخلاف توہین عدالت کیس کی سماعت ہوئی۔ پی ٹی آئی کی جانب سے پارٹی فنڈنگ کیس میں الیکشن کمیشن کے دائرہ سماعت کو چیلنج کیا تھا جس پر آج الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کے موقف کو مسترد کرتے ہوئے چیف الیکشن کمیشنر نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو پی ٹی آئی پارٹی فنڈنگ کیس کی سماعت کا مکمل اختیار ہے۔

چیف الیکشن کمیشنر نے مزید کہا کہ عمران خان کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت الگ کریں گے اس کے بعد الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی پارٹی فنڈنگ اور عمران خان کے خلاف توہین عدالت کیسز کی سماعت 17 مئی تک ملتوی کر دی۔

اکبر ایس بابر نے الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا پاکستان تحریک انصاف کو انصاف کے نعرے پر خیبرپختونخوا میں ووٹ ملا لیکن اب پی ٹی آئی اپنی منزل سے ہٹ چکی ہے۔ پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان سب سے پہلے خود کو احتساب کیلیے پیش کریں۔

ان کا مزید کہنا تھا پی ٹی آئی کے ورکرز کے لیے خوشخبری ہے کہ عمران خان اور پی ٹی آئی کو قانون کے شکنجے میں لانے کا فیصلہ سامنے آیا ہے۔ الیکشن کمیشن کے حکم کے باوجود عمران خان نے اکاؤنٹس کی تفصیلات نہیں دیں ان کے پاس آخری موقع ہے اخلاقیات کا درس دینے کیساتھ عمل کر کے دکھائیں۔ اکبر ایس بابر نے پی ٹی آئی انٹرا پارٹی انتخابات کو ہم ہر فورم پر چیلنج کرنے کا اعلان بھی کیا۔

اس موقع پر تحریک انصاف کے ترجمان نعیم الحق کپتان کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ اکبر ایس بابر ن لیگ کے ٹکڑوں پر پل رہے ہیں۔ اکبر ایس بابر نے پی ٹی آئی لیڈر شپ کے بارے میں گندی زبان استعمال کی تھی جس کے باعث انہیں پارٹی سے نکالا گیا۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں