پاکستان میں انٹر نیشنل کرکٹ کی واپسی کا حصہ بننے پر مطمئن ہوں: سیمی

پاکستان میں انٹر نیشنل کرکٹ کی واپسی کا حصہ بننے پر مطمئن ہوں: سیمی

موہالی: سابق ویسٹ انڈین کپتان ڈیرن سیمی نے کہا ہے کہ میں پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی کا چھوٹا سا حصہ بننے پر بھی مطمئن ہوں۔ ڈیرن سیمی کی قیادت میں پشاور زلمی نے پاکستان سپر لیگ کا چمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا وہ ان چند کھلاڑیوں میں سے ایک تھے جنھوں نے سیکیورٹی خدشات کی پروا نہ کرتے ہوئے لاہور میں پی ایس ایل کا فائنل کھیلے اور اسی وجہ سے انھیں یہاں پر کافی پذیرائی بھی حاصل ہوئی تھی تاہم وہ ابھی تک اس کو نہیں بھول پائے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میں پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی کے لیے چھوٹا سا حصہ ڈالنے پر کافی مطمئن ہوں۔ ڈیرن سیمی نے کہا کہ یہ کافی افسوسناک ہے کہ میرا آخری انٹر نیشنل ورلڈ ٹونئٹی 20 فائنل تھا اور میں بدستور محدود اوورز کی کرکٹ کیلئے دستیاب ہوں مگر منتخب نہ ہونے پر روتا نہیں ہوں۔ میں دنیا بھر میں مختلف لیگز کھیل رہا ہوں تاہم اگر ویسٹ انڈین بورڈ مجھے سلیکٹ کرتا ہے تو میں دستیاب ہوں لیکن میں ان لوگوں میں سے نہیں ہوں جو دودھ گر جانے پر رونے لگتے ہیں۔

ڈیرن نے کہا میں ورلڈ ٹوئنٹی 20 جیتنے کے بعد جو کچھ کہا وہ میرے دل کی آواز تھی اور وہی کہا جو مجھے کہنا چاہیے تھا۔ اس کے بعد میں نے راتیں جاگ کر نہیں گزاریں خدا نے مجھ پر بہت مہربانی کی ہے۔ انہوں نے کہا وہی میرا سلیکٹر ہے اس لیے اب جو کچھ ہوتا ہے مجھے اس کی کوئی پریشانی نہیں ہے۔ میں اب بھی ویسٹ انڈین کرکٹ کی فکر کرتا ہوں تاہم اگر وہ مجھے منتخب نہیں کرتے تو مجھے بھی کوئی پروا نہیں ہے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں