ن لیگ نے زرداری کو فائدہ پہنچایا لیکن وہ اس لائق نہیں، خواجہ آصف

ن لیگ نے زرداری کو فائدہ پہنچایا لیکن وہ اس لائق نہیں، خواجہ آصف
2008 کے الیکشن کے بعد زرداری نے پارٹی میں خود کو مضبوط بنانے کیلئے مسلم لیگ نواز کی مدد مانگی۔۔۔۔۔۔۔فوٹو/ بشکریہ ریڈیو پاکستان

اسلام آباد: نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر خارجہ خواجہ آصف نے کہا ہے کہ بے نظیر بھٹو نے سابق صدر آصف علی زرداری کو پاکستان واپس آنے کی اجازت نہیں دی تھی جس پر انہوں نے مجھ سے اور نواز شریف سے مدد طلب کی۔ انہوں نے کہا کہ 2008 کے الیکشن کے بعد آصف زرداری نے پارٹی میں خود کو مضبوط بنانے کے لیے مسلم لیگ نواز کی مدد مانگی اور ہم نے ان کی مدد کی جس پر افسوس ہے۔


سابق وزیر خارجہ نے کہا کہ آصف زرداری نے ہمیں کہا کہ اسمبلی میں ان کا ایک ووٹ بھی نہیں ہے تو پیپلز پارٹی والے انہیں واپس بیرون ملک بھجوا دیں گے۔ مسلم لیگ ن نے آصف زرداری کو فائدہ پہنچایا لیکن وہ اس لائق نہیں کہ انہیں فائدہ پہنچایا جاتا۔

مزید پڑھیں: کراچی میں پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی کارکنوں میں تصادم، جلاؤ گھیراؤ

خواجہ آصف نے مزید کہا کہ آئندہ الیکشن سے متعلق دوستوں اور کارکنوں سے مشاورت کروں گا جبکہ آئندہ انتخابات میں ان کی اہلیہ یا بیٹا اُن کی جگہ الیکشن لڑ سکتے ہیں۔ اگر ان کا بس چلے تو وہ ڈان لیکس کا واقعہ قومی تاریخ سے مٹا دیں۔ آج میرا سب سے بڑا اثاثہ پارٹی اور پارٹی قیادت سے وفاداری ہے اور ووٹ کو عزت دو کے بیانیے کی حمایت کرتا ہوں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ موٹر ویز، میٹرو اور دیگر ترقیاتی پروجیکٹس بھی ہمارا بیانیہ ہے۔ ن لیگ کی قیادت میں کوئی ایسا چہرہ نظر نہیں آئے گا جس نے کبھی وفاداری تبدیل کی ہو لیکن دوسری جماعتوں کی قیادت میں وفاداری تبدیل کرنے والے لوگ موجودہیں۔

سابق وزیر خارجہ نے کہا کہ ن لیگ کو فخر حاصل ہے کہ ہماری قیادت میں وفاداری تبدیل کرنے والے نہیں ہیں۔ سیاسی وفاداری کی تبدیلی پر شور مچانے والوں نے سب سے زیادہ وفاداری تبدیل کرنے والے لوگ لیے۔

یہ بھی پڑھیں: احسن اقبال پر حملہ کرنے والے ملزم کا پہلا بیان سامنے آگیا

انہوں نے بتایا کہ فاروق ایچ نائیک نے فون پر کہا کہ وہ میرا کیس ہینڈل کرنا چاہتے ہیں لیکن پھر چیمبر میں ملاقات میں فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ مجھے منع کر دیا گیا ہے۔ مجھے کہا گیا کہ میں آصف زرداری سے بات کروں کیونکہ وہ مجھ سے ناراض ہیں۔

 

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں