بلاول بھٹو کا 12 مئی کے جلسے کا مقام تبدیل کرنے کا اعلان

بلاول بھٹو کا 12 مئی کے جلسے کا مقام تبدیل کرنے کا اعلان
کیپشن: image by facebook

کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے 12 مئی کو حکیم سعید گراؤنڈ کے بجائے کسی اور مقام پر جلسے کرنے کا اعلان کردیا۔


انہوں نے اپنے ٹوئیٹر پیغام میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) چیئرمین عمران خان کو حکیم سعید گراؤنڈ میں جلسے کرنے کی پیشکش بھی کی تاہم ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز تحریک انصاف کا رویہ انتہائی خراب تھا۔

انہوں نے کہا کہ کراچی ہمارا شہر ہے، کہیں بھی جلسہ کرسکتے ہیں , انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے شہداء کو خراج عقیدت کیلئے حکیم سعید گراؤنڈ میں جلسہ پلان کیا تھا اور ہمیں جلسے کی اجازت بھی مل گئی تھی۔

چیئرمین پی پی پی کے مطابق پی ٹی آئی نے اچانک جلسے کا پلان تبدیل کرکے حکیم سعید گراؤنڈ میں کیمپ لگالیا , انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کا جلسے کا مقام تبدیل کرنے کا اقدام اشتعال انگیز تھا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے کیمپ سے ہمارے کارکنان پر پتھراؤ اور ٹرکوں کو آگ لگائی گئی، تحریک انصاف رہنما کے گارڈز نے فائرنگ بھی کی۔

گزشتہ رات کراچی میں 12مئی کو جلسے کے مقام کے حوالے سے پاکستان تحریک انصاف اور پیپلزپارٹی کے کارکنوں کے درمیان گلشن اقبال کے حکیم سعید گراؤنڈ میں تصادم ہوا تھا جس کے نتیجے میں کئی موٹر سائیکلیں اور گاڑیاں جلادی گئی تھیں۔

دونوں جماعتوں کے کارکنان کے درمیان ہنگامہ آرائی میں پتھراؤ کیا گیا جب ایک دوسرے پر ڈنڈوں کے آزادانہ استعمال سمیت ہوائی فائرنگ بھی کی گئی جس سے متعدد افراد زخمی بھی ہوئے۔