ٹم پین آسٹریلوی ون ڈے ٹیم کے کپتان مقرر

ٹم پین آسٹریلوی ون ڈے ٹیم کے کپتان مقرر
کیپشن: فوٹو: فائل

سڈنی : کرکٹ آسٹریلیا نے وکٹ کیپر بیٹسمین ٹم پین کو ٹیسٹ کے بعد ون ڈے ٹیم کا کپتان بھی مقرر کردیا۔ دوسری طرف انجری کا شکار فاسٹ باولر مچل اسٹارک پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے قبل مکمل فٹ ہونے کے لئے پر امید ہیں۔

تفصیلات کے مطابق بال ٹیمپرنگ میں ملوث اسٹیو اسمتھ کپتانی سے بھی ہاتھ دھو بیٹھے تھے، وکٹ کیپر ٹیم پین کو ٹیسٹ کا کپتان نامزد کیا گیا تھا اور اب کرکٹ آسٹریلیا نے انہیں ون ڈے کی کپتانی بھی سونپ دی ہے۔وہ انگلینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز میں ٹیم کی قیادت کریں گے، ون ڈے میں ٹم پین کے ساتھ نائب کپتان ایرون فنچ کو ٹی ٹوئنٹی ٹیم کا کپتان نامزد کر دیا گیا ہے۔

آسٹریلیا کی ٹی ٹونٹی انگلینڈ کے خلاف واحد ٹی ٹونٹی کھیلنے کے ساتھ زمبابوے اور پاکستان کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز کھیلے گی، میچز زمبابوے میں کھیلے جائیں گے۔فاسٹ باولرز مچل اسٹارک اور پیٹ کیومنز فٹنس مسائل کے باعث ٹیم سے باہر ہیں،ان کے بارے میں اس امید کا اظہار کیا گیا ہے کہ وہ پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے قبل مکمل فٹ ہو جائیں گے۔